اوگرا کی پیٹرولیم مصنوعات میں 2 روپے 90 پیسے تک کی کمی کی سفارش

پیٹرول کی قیمت میں 25 پیسے کمی کی سفارش کی گئی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
پیٹرول کی قیمت میں 25 پیسے کمی کی سفارش کی گئی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ماہ دسمبر کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 2 روپے 90 پیسے فی لیٹر تک کمی کی تجویز پیش کردی۔

اوگرا کی جانب سے پیٹرولیم ڈویژن کو بھیجی گئی سمری کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمت میں 1.9 فیصد یعنی 2 روپے 40 پیسے کمی کی تجویز دی گئی۔

اسی طرح پیٹرول کی قیمت میں 0.2 فیصد یعنی 25 پیسے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 83 پیسے کمی کی سفارش کی گئی۔

مزید پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان، پیٹرول ایک روپے مہنگا

ریگولیٹر کی جانب سے یکم دسمبر سے لائٹ ڈیزل آئل (ایل ڈی او) میں 2 روپے 90 پیسے فی لیٹر کمی کا کہا گیا۔

اگر اوگرا کی جانب سے پیش کردہ سمری منظور ہوجاتی ہے تو ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 127 روپے 41 پیسے سے کم ہوکر 125 روپے ایک پیسے، پیٹرول کی قیمت 114 روپے روپے 24 پیسے کم ہوکر 113 روپے 99 پیسے فی لیٹر ہوجائے گی۔

اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت اس منظوری سے 97 روپے 18 پیسے کم ہوکر 96 روپے 35 پیسے ہوجائے گی جبکہ ایل ڈی او 85 روپے 33 پیسے سے کم ہوکر 82 روپے 43 پیسے فی لیٹر ہوجائے گا۔

تاہم اوگرا کی جانب سے پیٹرولیم ڈویژن کو بھیجی گئی سمری وزارت خزانہ کے بعد وزیراعظم کی منظوری کے لیے جائے گی۔

جس کے بعد وزیر خزانہ اس نئی قیمتوں کا اعلان کرے گی، جس کا اطلاع یکم دسمبر سے ہوگا۔

خیال رہے کہ حکومت نے 31 اکتوبر کو ماہ نومبر کے لیے اوگرا کی سفارش پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی تیل تنصیبات حملہ: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ

حکومت کی جانب سے نومبر کے لیے پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 0.27 پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا۔

تاہم لائٹ ڈیزل استعمال کرنے والے صارفین کو حکومت نے تحفہ دیتے ہوئے اس کی قیمت میں 6.56 روپے کی کمی کی گئی تھی جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت بھی 2.39 روپے کم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ حکومت نے اضافی محصولات پیدا کرنے کے لیے پہلے ہی تمام پیٹرولیم مصنوعات پر اسٹینڈرڈ ریٹ 17 فیصد پر سیلز ٹیکس بڑھا دیا ہے اور آئندہ ماہ کی سمری میں بھی اسے برقرار رکھا گیا ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

زاہد بٹ Nov 30, 2019 10:51am
25 پیسہ کم کرتے ہوئے شرم بھی نہیں آئی، کہ اس کی اب اوقات ہی کیا ہے؟