راولپنڈی پولیس نے کلر سیداں کے سابق کونسلر وحید امجد کے قتل کے الزام میں 2 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز (اے ایس آئی ) اور 3 کانسٹیبلز کو معطل کردیا۔

کلر سیداں پولیس اسٹیشن میں مقتول کے دوست کی شکایت پر درج کی گئی ابتدائی اطلاعی رپورٹ (ایف آئی آر) کے مطابق پولیس نے وحید امجد کو ایک چوک کے قریب روکا جب وہ شہر میں گاڑی چلارہے تھے۔

درخواست گزار حبیب الرحمٰن نے ایف آئی آر میں کہا کہ جب وحید امجد نے گاڑی روکی تو ایک اے ایس آئی، ایس ایم جی رائفل کے ساتھ ان کے قریب آیا اور قتل کے ارادے سے سابق کونسلر پر کئی مرتبہ فائرنگ کی۔

فائرنگ کے نتیجے میں وحید امجد شدید زخمی ہوگئے تھے اور ان کے دوست حبیب الرحمٰن انہیں زخمی حالت میں تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال لے کر گئے جہاں سے انہیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال لے جایا گیا۔

تاہم ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال پہنچنے پر وحید امجد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔

ایف آئی آر میں اے ایس آئی عمران خالد اور تقدیس اختر جبکہ کانسٹیبل حبیب اختر، اظہر محمود اور عاطف شہزاد کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

سٹی پولیس افسر فیصل رانا نے کہا کہ ایف آئی آر کی رجسٹریشن کے بعد اے ایس آئی عمران خالد اور کانسٹیبل حبیب اختر کو گرفتار کرلیا تھا اور پانچوں اہلکاروں کو معطل کردیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں