انتظار ختم: جیمز بانڈ کی 25 ویں فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ کا ٹیزر جاری

02 دسمبر 2019
ٹیزر میں ایجنٹ کو ایکشن میں دکھایا گیا ہے—اسکرین شاٹ
ٹیزر میں ایجنٹ کو ایکشن میں دکھایا گیا ہے—اسکرین شاٹ

ہولی وڈ کی جاسوسی سے متعلق معروف زمانہ فلم سیریز جیمز بانڈ کی 25 ویں فلم کا مداحوں کو طویل وقت سے انتطار ہے اور اس فلم کی شوٹنگ گزشتہ 2 سال سے جاری ہے، تاہم اب فلم کی ٹیم نے مداحوں کا انتظار ختم کرتے ہوئے ٹیزر جاری کردیا۔

ابتدائی طور پر جہاں کافی وقت تک جیمز بانڈ کی 25 ویں فلم کے نام کا بھی اعلان نہیں کیا گیا تھا، وہیں اس کی ریلیز کے حوالے سے بھی کوئی وضاحت نہیں کی گئی تھی، تاہم رواں برس اگست میں فلم کی ٹیم نے جہاں فلم کے نام کا اعلان کیا تھا، وہیں فلم کے ریلیز کی ممکنہ تاریخ بھی بتائی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: 'جیمز بانڈ' کی 25ویں فلم کو آخر کار نام مل ہی گیا

’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ میں ایک بار پھر برطانوی اداکار ڈینیئل کریگ ایک مرتبہ پھر جاسوس کا مرکزی کردار نبھاتے نظر آئیں گے اور فلم کے مختصر دورانیے کے ٹیزر میں انہیں ایکشن میں اپنا مشن مکمل کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

ٹیزر سے اندازہ ہوتا ہے کہ شائقین کو خوب ایکشن دیکھنے کو ملے گا—اسکرین شاٹ
ٹیزر سے اندازہ ہوتا ہے کہ شائقین کو خوب ایکشن دیکھنے کو ملے گا—اسکرین شاٹ

جیمز بانڈ کی اس 25 ویں فلم میں ریمی ملک ولن کا کردار ادا کرتے دکھائیں دیں گے، اس سے قبل اطلاعات تھیں کہ اس بار فلم میں مرد کے بجائے خاتون ولن کے روپ میں دکھائی دیں گی۔

’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ میں بھی سیریز کی پچھلی فلموں کی طرح برطانوی خفیہ ایجنسی ایم آئی سکس کے اہلکار کو جاسوس یا ایجنٹ کے طور پر دکھایا جائے گا جو کئی خطرناک منصوبوں پر کام کرتا ہے۔

مزید پڑھیں: جیمز بانڈ کی 25 ویں فلم میں ریمی ملک ولن بنیں گے

اس جاسوس کو مشن مکمل کرنے کے دوران 007 کا نام دیا جاتا ہے۔

اس کردار کو منشیات اور جرائم فروشوں کے بڑے بڑے گروپوں کا سامنا کرتے دکھایا جاتا ہے اور اس مرتبہ ایجنٹ یا جاسوس کا کردار ریمی ملک سے مقابلہ کرتے دکھائی دے گا۔

جیمز بانڈ کی 25 ویں فلم میں ریمی ملک ولن کے روپ میں دکھائی دیں گے—فوٹو: یو ایس اے میڈیا نیٹ ورک
جیمز بانڈ کی 25 ویں فلم میں ریمی ملک ولن کے روپ میں دکھائی دیں گے—فوٹو: یو ایس اے میڈیا نیٹ ورک

جیمز بانڈ سیریز کی 25 ویں فلم کی کہانی کی دلچسپت بات یہ ہے کہ اس فلم کی کہانی میں جیمز بانڈ کے کردار کو ریٹائر ہوکر ایک عام زندگی گزارتے دکھایا جائے گا، اس موقع پر سی آئی اے سے تعلق رکھنے والے ایک دوست ان سے مدد مانگیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: جیمز بانڈ فلم سیریز کو نیا ایجنٹ مل گیا، 26 ویں فلم میں خاتون جاسوس بنیں گی

اس فلم میں جیمز بانڈ اغوا ہونے والے ایک سائنسدان کو تلاش کریں گے اور اس موقع پر انہیں کئی خطرناک لوگوں اور نئی ٹیکنالوجی کے ہتھیاروں کا سامنا کرنا پڑے گا اور اخر میں مشن کی کامیابی کے بعد وہ ریٹائرڈ ہوجائیں گے، جس کے بعد ان کی ذمہ داریاں ممکنہ طور پر ایک خاتون کو دی جائیں گی جو سیریز کی اگلی فلم میں جاسوس کے روپ میں دکھائی دیں گی.

جیمز بانڈ کی 25 ویں فلم کے آخر میں ممکنہ طور پر مختصر کردار میں لشانا لائنچ دکھائی دیں گی جو اگلی فلم میں جاسوس بنیں گی—فوٹو: گیک کلچر
جیمز بانڈ کی 25 ویں فلم کے آخر میں ممکنہ طور پر مختصر کردار میں لشانا لائنچ دکھائی دیں گی جو اگلی فلم میں جاسوس بنیں گی—فوٹو: گیک کلچر

مختصر دورانیے کے ٹیزر میں جاسوس کو ایکشن میں دکھانے سمیت فلم کے کچھ سین کو بھی پیش کیا گیا ہے، ساتھ ہی بتایا گیا ہے کہ جلد ہی فلم کا ٹریلر جاری کردیا جائے گا.

اگرچہ ٹیزر کے ساتھ فلم کو ریلیز کرنے کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا، تاہم عندیہ دیا گیا ہے کہ فلم ممکنہ طور پر آئندہ برس 8 اپریل کو ریلیز کی جائے گی.

تبصرے (0) بند ہیں