انسٹاگرام میں اب نئے صارفین کو اپنی عمر کے بارے میں بتانا ہوگا جس کا مقصد 13 سال سے کم عمر بچوں کو اس فوٹو شیئرنگ ایپ سے دور رکھنا ہے۔

انسٹاگرام کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں اعلان کیا گیا ہے کہ اب اس ایپ کے نئے صارفین کو اکاﺅنٹ بناتے ہوئے اپنی تاریخ پیدائش کا اندراج کرنا ہوگا۔

کمپنی کے مطابق وہ صارف کی تاریخ پیدائش کی معلومات کو ایپ میں صارفین کے لیے استعمال کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے استعمال کرے گی۔

بلاگ پوسٹ میں مزید بتایا گیا کہ اصول و ضوابط کے مطابق انسٹاگرام اکاﺅنٹ کے لیے بیشتر ممالک میں عمر کی حد کم از کم 13 سال ہے اور 13 سال سے کم عمر افراد کو اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا حصہ بننے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

کمپنی کا کہنا تھا کہ تاریخ پیدائش کی معلومات کا تقاضا کم عمر بچوں کو انسٹاگرام کا حصہ بننے سے روکنے کے لیے کیا جارہا ہے جبکہ دیگر کم عمر نوجوانوں کو اپلیکشن میں زیادہ محفوظ اور ان کی عمر کے مطابق تجربہ فراہم کرنا ہے۔

تاریخ پیدائش صرف صارف تک محدود رہے گی اور دیگر افراد اسے نہیں دیکھ سکیں گے۔

تاہم کمپنی نے یہ واضح نہیں کیا کہ اگر کوئی 13 سال سے کم عمر بچہ خود کو زیادہ عمر کا بتا کر اکاﺅنٹ بنالے گا تو وہ اس کی روک تھام کیسے کرے گی۔

فوٹو بشکریہ انسٹاگرام
فوٹو بشکریہ انسٹاگرام

کمپنی کا کہنا تھا کہ تاریخ پیدائش کی معلومات کو ان نوجوانوں کو اکاﺅنٹس کنٹرولز کے حوالے سے تعلیم دینے اور مخصوص پرائیویسی سیٹنگز کے استعمال کا مشورہ دینے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

انسٹاگرام کا کہنا تھا کہ پرائیویسی سیٹنگز کو ان ایبل کرنے والے افراد کو ڈائریکٹ میسجز، گروپ میسج ریکوئٹ یا اسٹوری رئیپلائی کے آپشن دستیاب نہیں ہوں گے۔

واضح رہے کہ انسٹاگرام کے ماہانہ صارفین کی تعداد ایک ارب سے زائد ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں