'اسٹیج پر جوتا نہیں ٹوپی پھینکی گئی'

06 دسمبر 2019
عاصم اظہر کا شمار پاکستان کے بہترین گلوکاروں میں کیا جاتا ہے — فوٹو/ انسٹاگرام
عاصم اظہر کا شمار پاکستان کے بہترین گلوکاروں میں کیا جاتا ہے — فوٹو/ انسٹاگرام

نوجوان گلوکار عاصم اظہر چند روز قبل سیالکوٹ میں ایک کنسرٹ کے دوران پرفارم کررہے تھے جس کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی۔

اس ویڈیو کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کی وجہ یہ تھی کہ مداحوں کو ایسا محسوس ہوا کہ حاضرین میں موجود افراد میں سے کسی نے عاصم اظہر کی گلوکاری پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے اداکار پر جوتا اچھال دیا۔

جس کے بعد مداحوں نے غصے اور ناراضی کا اظہار کرنا بھی شروع کردیا۔

تاہم دلچسپ بات یہ تھی کہ سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو میں عاصم اظہر پر کسی نے جوتا پھینکنے کی کوشش نہیں کی، البتہ یہ ایک ٹوپی تھی جو مداح عاصم اظہر کو دینے کی کوشش کررہے تھے۔

عاصم اظہر نے اس حوالے سے وضاحت دیتے ہوئے ایک مزاحیہ ویڈیو بھی جاری کردی جس میں انہوں نے اپنے انداز میں اس اس تنقید کا جواب دیا۔

انسٹاگرام پر جاری کردہ ایک ویڈیو میں عاصم اظہر نے مزاحیہ انداز میں دکھایا کہ وہ اپنے بستر کے اوپر چڑھ کر پرفارم کررہے ہیں۔

اس موقع پر سامنے سے کسی نے ان کے اوپر ایک ٹوپی پھیکی، جس کے بعد ان کا ایک اور دوست کمرے میں داخل ہوا، جس نے ایسا کہنا شروع کردیا کہ عاصم اظہر کو کسی مداح نے جوتا ماردیا ہے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

اس پر عاصم نے بتایا کہ 'کئی دنوں سے ویڈیو دیکھ رہا ہوں کہ عاصم کو جوتا پڑ گیا، میں نے اس حوالے سے کوئی بات نہیں کی، کیوں کہ پہلے بات صرف مجھ تک تھی البتہ اب لوگ وہاں موجود مداحوں کو برا بھلا بول رہے ہیں'۔

گلوکار نے مزید کہا کہ 'جوتا نہیں مارا گیا تھا، میری طرف یہ ٹوپی پھینکی گئی تھی جو شکر ہے کہ میں نے اٹھا لی تھی'۔

واضح رہے کہ پہلی ویڈیو عاصم اظہر کے بجائے یہ ٹوپی ان کے بینڈ کے گٹارسٹ کو لگی تھی۔

وکی علی نامی گٹارسٹ کی بھی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں انہوں نے واضح کیا کہ مداح نے اس خواہش کے ساتھ عاصم کو ٹوپی پھینکی تھی کہ وہ پہن لیں گے البتہ وہ انہیں آکر لگی جس کے بعد سب کو ایسا محسوس ہوا کہ جوتا مارا گیا ہے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

خیال رہے کہ عاصم اظہر کو کوک اسٹوڈیو سے شہرت ملی تھی، وہ نامور اداکارہ گل رعنا کے بیٹے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں