کراچی:ماڈل کورٹ نے لڑکی کی قاتل بہن اور دیگر ملزمان کو بری کردیا

06 دسمبر 2019
مقتولہ اور ملزمہ کے والد ندیم نے ملزمان کو معاف کردیا — فائل فوٹو / رائٹرز
مقتولہ اور ملزمہ کے والد ندیم نے ملزمان کو معاف کردیا — فائل فوٹو / رائٹرز

کراچی کی ماڈل کورٹ نے جواں سالہ لڑکی کے قتل کا فیصلہ سناتے ہوئے قاتل بہن اور دیگر ملزمان کو بری کردیا۔

علوینہ نے دسمبر 2017 میں اپنے منگیتر مظہر کے ساتھ مل کر سگی بہن علینہ کو قتل کیا تھا، ملزمان نے عدالت کے روبرو اعتراف جرم بھی کیا تھا۔

تاہم مقتولہ اور ملزمہ کے والد ندیم نے ملزمان کو معاف کردیا جس پر عدالت نے سگی بہن کی قاتل اور دیگر ملزموں کو بری کردیا۔

عدالت سے بری ہونے والوں میں علوینہ، مظہر، احسن اور عباس شامل ہیں۔

یاد رہے کہ 5 دسمبر 2017 کو کراچی کے علاقے سعود آباد میں ایک مبینہ ڈکیتی کی واردات کے دوران16 سالہ علینہ ہلاک اور اس کی بڑی بہن علوینہ زخمی ہوگئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: چاقو کے وار سے لڑکی قتل، بہن زخمی

پولیس کا واقعے کی ابتدائی تحقیقات کے بعد کہنا تھا کہ واردات کے حوالے سے بڑی بہن کے بیان میں تضاد ہے، تاہم تفتیش کی جارہی ہیں اور جلد اصل ملزمان تک پہنچ جائیں گے۔

چند روز بعد کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) کورنگی نعمان صدیقی نے واقعے کی تحقیقات میں پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بڑی بہن نے اپنے دوستوں کی مدد سے چھوٹی بہن کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا ہے، جبکہ اس سے قبل ملزمہ نے واقعے کو ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر قتل ثابت کرنے کی کوشش کی تھی۔

انہوں نے بتایا تھا کہ ملزمہ علوینہ نے اعتراف کیا کہ اس کے دوستوں نے مقتولہ علینہ کو پکڑا اور ملزمہ نے چھری سے اپنی سگی بہن کا گلا کاٹ کر اسے قتل کیا۔

بعد ازاں ملزمہ علوینہ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران سگی بہن کو قتل کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے مقتولہ پر الزام لگایا تھا کہ وہ اور اس کا دوست اسے بلیک میل کر رہے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں