اگر موجودہ عہد میں کسی نئی جگہ جانے کی بات ہو تو بیشتر نوجوان اس کے لیے گوگل میپس کا سہارا لینا پسند کرتے ہیں۔

اور یہی وجہ ہے کہ گوگل کی جانب سے اس مقبول نیوی گیشن ایپ میں اکثر نئے فیچرز کا اضافہ کیا جاتا ہے جن میں سے کچھ تو بظاہر کسی میپنگ اپلیکشن کا حصہ بھی نہیں لگتے۔

اینڈرائیڈ پولیس کی رپورٹ کے مطابق ایسا ہی ایک نیا فیچر گوگل کی جانب سے متعارف کرایا جارہا ہے جس کا راستوں کی تلاش سے تو کوئی خاص تعلق نہیں مگر یہ صارفین کو مخصوص حالات میں تحفظ ضرور فراہم کرسکے گا۔

گوگل کی جانب سے میپس میں لائٹنگ لیئر نامی فیچر متعارف کرایا جارہا ہے جو فی الحال بیٹا ورژن میں موجود ہے۔

اس فیچر کا مقصد صارفین کو ان کے مطلوبہ راستے کی روشن گلیوں یا سڑکوں سے آگاہ کرنا ہے۔

یہ نیا فیچر رات میں ڈرائیونگ کرنے والے افراد کے لیے مددگار ثابت ہوسکے گا یا اگر کسی نئی جگہ جارہے ہیں اور رات کو تاریک گلیوں میں جانے سے بچنا چاہتے ہیں، تاکہ ڈاکوؤں کا شکار نہ ہوسکیں تو بھی اس سے مدد لے سکیں گے۔

اس فیچر میں روشن گلیاں یا سڑکیں زرد رنگ میں جگمگاتی نظر آئیں گی اور دیکھنے والا فیصلہ کرسکے گا کہ اسے کن راستوں سے جانے سے گریز کرنا چاہیے، خصوصاً ایسے علاقوں سے، جہاں وہ پہلے کبھی نہ گئے ہوں۔

یہ فیچر ممکنہ طور پر سب سے پہلے بھارت میں متعارف کرایا جارہا ہے جہاں خواتین کے ریپ اور ان پر حملے بہت زیادہ ہوتے ہیں۔

یہ واضح نہیں کہ گوگل کسی شہر کی گلیوں میں روشنی کی صورتحال کی معلومات کیسے جمع کرے گا کیونکہ پاکستان اور بھارت جیسے ممالک میں اسمارٹ اسٹریٹ لائٹس کا استعمال تاحال نہ ہونے کے برابر ہے۔

ممکنہ طور پر یہ ڈیٹا صارفین سے ہی حاصل کیا جائے گا جیسا گوگل کی جانب سے ٹریفک انسیڈنٹس میں کیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں