گلیکسی ایس 11 سام سنگ کا سب سے طاقتور کیمرے والا فون؟

06 دسمبر 2019
— فوٹو بشکریہ آن لیکس ٹوئٹر اکاؤنٹ
— فوٹو بشکریہ آن لیکس ٹوئٹر اکاؤنٹ

سام سنگ کا نیا فلیگ شپ فون گلیکسی ایس 11 اس کمپنی کا پہلا فون ہوگا جس میں 108 میگا پکسل کیمرا دیا جائے گا۔

یہ دعویٰ بلومبرگ کی ایک رپورٹ میں سامنے آیا ہے جس کے مطابق سام سنگ اپنے فلیگ شپ فون سیریز کے کیمرا سیٹ اپ کو مکمل طور پر ری ڈیزائن کررہی ہے۔

اب تک 108 میگا پکسل کیمرا شیاﺅمی سی سی 9 پرو میں استعمال ہوا جو سام سنگ کا ہی تیار کردہ تھا۔

مگر اب جنوبی کورین کمپنی پہلی بار اسے اپنے فون یعنی گلیکسی ایس 11 کا حصہ بنارہی ہے جس کے ساتھ مزید 3 کیمرے الگ دیئے جائیں گے۔

مجموعی طورپر 4 کیمروں سے لیس اس فون میں ایک لینس الٹرا وائیڈ اینگل کے لیے ہوگا جبکہ ایک 5 ایکس آپٹیکل زوم میں مدد فراہم کرے گا۔

5 ایکس آپٹیکل زوم کا فیچر بھی پہلی بار سام سنگ کے کسی فون کا حصہ بنے گا جبکہ چوتھا کیمرا ٹائم آف فلائٹ سنسر سے لیس ہوگا۔

دوسری جانب سام موبائل کی ایک الگ رپورٹ میں بتایا گیا کہ گلیکسی ایس 11 میں 5000 ایم اے ایچ بیٹری دی جائے گی جو کہ گلیکسی ایس 10 پلس کے مقابلے میں زیادہ ہے جو 4100 ایم اے ایچ تھی۔

اس سے قبل گزشتہ دنوں ایک اور لیک میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ یہ فون 8 کے ویڈیو بنانے کی صلاحیت رکھتا ہوگا جبکہ گزشتہ ماہ اس کی تصاویر بھی لیک ہوکر سامنے آئی تھیں۔

خیال رہے کہ گلیکسی ایس 11 آئندہ سال فروری یا مارچ میں متعارف کرایا جائے گا اور اس کے حوالے سے لیکس کا سلسلہ جب تک جاری رہے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں