کراچی میں ہونے والی گلوبل ہیلتھ سمٹ سے متعلق ڈاکٹر وجیہ رضوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں عالمی سطح کے طبی ماہرین موجود ہیں تاہم گلوبل ہیلتھ سمٹ کی بدولت ملک میں جدید ٹیکنالوجی کی ترسیل اور اس کے ٹیکنیشنز سے استفادہ کرسکیں گے۔

واضح رہے کہ گلوبل ہیلتھ سمٹ کا آغاز 24 دسمبر کو کراچی سے ہوگا جس میں دنیا بھر سے ایک ہزار سے زائد طبی ماہرین شرکت کریں گے۔

مزکورہ گلوبل ہیلتھ سمٹ امریکا سے تعلق رکھنے والی میڈیکل پروفیشنل آرگنائزیشن میڈکس انٹرنیشنل کی سلور جوبلی کے موقع پر عالمی کنونشن کے انعقاد کی کڑی ہے۔

گلوبل ہیلتھ سمٹ پاکستان کے مختلف شہروں میں 5 روز تک جاری رہے گی جبکہ دنیا کے 55 ممالک میں کنونشنز اور کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا۔

اس سمٹ میں امریکا، برطانیہ، آئرلینڈ، سعودیہ عرب، جرمنی، سویڈن، ترکی، عراق، یو اے ای سمیت دیگر ممالک کے ایک ہزار سے زائد میڈیکل پروفیشنلز شرکت کریں گے۔

یہ ایونٹ پاکستان میں ہیلتھ کیئر کے شعبے کا سب سے بڑا ایونٹ تصور کیا جارہا ہے۔

سی ایم ای سے منظور شدہ اس کانفرنس کا عنوان ہیلتھ کیئر، میڈیسن اور اس سے جڑی ہوئی فیلڈز سے متعلق ہوگا۔

مزید پڑھیں: ایس آئی یو ٹی کا ٹرانسپلانٹ آپریٹنگ تھیٹر کمپلیکس فعال

کانفرنس کے پہلے حصے کا انعقاد کراچی کے مقامی ہوٹل میں 24 سے 26 دسمبر تک کیا جائے گا جبکہ کانفرنس کے دوسرے مرحلے کا انعقاد اسلام آباد میں 28 اور 29 دسمبر کو کیا جائے گا جس میں نوجوان پروفیشنلز کو میڈیکل، سرجیکل، فارما سوئیٹیکل اور ڈینٹل سے متعلق کیریئر گائیڈنس دی جائے گی۔

کانفرنس سے متعلق بات کرتے ہوئے ڈاکٹر وجیہ رضوی کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس عالمی طبی ماہرین کی ایک پوری فوج موجود ہے، جس کا مقصد پاکستان میں جدید ترین ٹیکنالوجی کی منتقلی، تربیت دینے والوں کی دیکھ بھال کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کانفرنس میں ہیلتھ کیئر پیشے سے متعلق مختلف شعبوں کے تفصیلی سیشنز کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ اس کے ثمرات سے پاکستان سمیت خطے کے دوسرے لوگوں کو فائدہ پہنچایا جاسکے۔

واضح رہے کہ میڈکس انٹرنیشنل یونائیٹڈ نیشن کی تسلیم شدہ باڈی ہے، جو پاکستان سمیت، تنزانیہ، عراق، گریک، ہیٹی، فاسو اور برکیہ میں انسانیت کی خدمت کے جذبے کے تحت ہیلتھ کیئر کی سہولیات فراہم کررہی ہے۔

آئندہ کنونشن کا انعقاد نیویارک میں فاؤنڈیشن کی سلور جوبلی کے حوالے سے منایا جائے گا، جس کا انعقاد پاکستان کے مختلف میڈیکل کالجز سے فارغ التحصیل ہم خیال تارکین وطن پاکستانی ڈاکٹرز کی جانب سے کیا جائے گا۔

میڈکس انٹرنیشنل کی بنیاد نیویارک میں رکھی گئی تھی، جسے بعد میں گلوبل ہیلتھ کیئر ریلیف آرگنائزیشن کا درجہ دے دیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں