امریکی گلوکار نک جونس کا پاکستانیوں کے لیے پیغام

11 دسمبر 2019
نک جونس نے 2017 کی جومانجی میں بھی اہم کردار نبھایا تھا — فوٹو: انسٹاگرام
نک جونس نے 2017 کی جومانجی میں بھی اہم کردار نبھایا تھا — فوٹو: انسٹاگرام

امریکی گلوکار و اداکار نک جونس کی اہلیہ بولی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کو بھلے ہی پاکستان میں زیادہ لوگ اب پسند نہ کرتے ہیں البتہ ان کے شوہر کے مداح اب بھی یقیناً یہاں موجود ہیں۔

نک جونس نے پاکستان میں موجود اپنے مداحوں کے لیے ایک ویڈیو پیغام جاری کردیا، جس میں وہ اپنی فلم 'جومانجی: دی نیکسٹ لیول' کی تشہیر کرتے بھی نظر آئے۔

نک جونس نے اپنی فلم کا ٹریلر شیئر کرنے سے قبل اپنے پیغام میں کہا کہ 'سلام پاکستان، اس 13 دسمبر کو جومانجی: دی نیکسٹ لیول تھیٹرز میں دیکھیں۔

واضح رہے کہ ایکشن سے بھرپور فلم 'جومانجی' 1995 میں ریلیز ہوئی تھی جس میں روبن ولیمز نے مرکزی کردار نبھایا تھا۔

اس فلم کی کہانی ایک ایسے گیم بورڈ پر مبنی تھی جس کا نام جومانجی تھا، جسے دو بچے مل کر کھیلنا شروع کرتے ہیں، تاہم فلم میں ایڈونچر کا آغاز اس وقت ہوتا ہے جب یہی گیم ان بچوں کو کئی سال آگے کے دور میں لے جاتا ہے جہاں عجیب و غریب واقعات ان کے ساتھ ہونا شروع ہوجاتے ہیں اور اپنی زندگی کو معمول پر لانے کے لیے انہیں یہ کھیل ختم کرتا ضروری ہے۔

یہ اس سال کی کامیاب فلم ثابت ہوئی تھی جس کے بعد 2017 میں اس کا سیکوئل 'جومانجی: ویلکم ٹو دی جنگل' سامنے آئی۔

اس فلم میں ڈیوائن جونسن المعروف دی راک نے مرکزی کردار نبھایا۔

مزید پڑھیں: جومانجی 2: بورڈ گیم کے بجائے ویڈیو گیم پر مبنی

کہنے کو تو یہ 1995 کی فلم کا سیکوئل تھی البتہ اس کا ماضی کی فلم سے کوئی تعلق نہیں تھا، اس فلم کا آغاز ایک ویڈیو گیم سے شروع ہوتا جسے چار دوست مل کر کھیلتے ہیں، جہاں 1995 کی فلم میں گیم بورڈ بچوں کو مستقبل میں لے جاتا وہیں اس فلم میں ویڈیو گیم بچوں کو حقیقی دنیا سے اپنی دنیا میں لے جاتا ہے۔

اس فلم کو تجزیہ کاروں کا ملا جلا ردعمل موصول ہوا تھا جبکہ باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوئی تھی۔

فلم میں ڈیوائن جونسن کے ساتھ نک جونس نے بھی اہم کردار نبھایا جبکہ کیون ہارٹ اور جیک بلیک بھی فلم کا حصہ بنے۔

رواں سال اس فلم کا ایک اور سیکوئل 'جومانجی: دی نیکسٹ لیول' سامنے آرہا ہے جس میں دوبارہ ڈیوائن اور نک اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔

فلم کی کہانی ویسے ہی جنگل میں ان کرداروں کے ایڈونچر کے گرد گھومتی ہے، جبکہ انہیں سامنے آنے والی ہر مشکل سے بچ گیم کو ختم کرکے واپس اپنی دنیا میں جانا ہے۔

واضح رہے کہ 13 دسمبر کو پاکستان میں ریلیز ہونے والی فلم کی ہدایات جیک کسدان نے دی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں