نیپال: زائرین کی بس حادثے کا شکار، 14 افراد ہلاک

16 دسمبر 2019
زائرین 4ہزار میٹر بلند پہاڑی علاقے سے واپس آرہے تھے—فوٹو:اےا یف پی
زائرین 4ہزار میٹر بلند پہاڑی علاقے سے واپس آرہے تھے—فوٹو:اےا یف پی

نیپال کے وسطی علاقے میں زائرین کی بس حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں کم ازکم 4بچوں سمیت 14 افراد ہلاک اور 18 زخمی ہوگئے۔

خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا تھا کہ زائرین سے بھری ہوئی بس نیپال کے وسطی علاقے میں ایک خطرناک شاہراہ سے گزر رہی تھی کہ بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جاگری جس کے باعث 14 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ بس میں 32 افراد سوار تھے، مسافر بس دارالحکومت کٹھمنڈو سے تقریباً 80 کلومیٹر دور ضلع سندھوپالچوک کے پرپیچ راستے سے گزرتے ہوئے حادثے کا شکار ہو کر 70 میٹر گہری کھائی میں جا گری۔

مزید پڑھیں:نیپال میں ہیلی کاپٹر تباہ، وزیر سیاحت سمیت 6 افراد سوار تھے

پولیس افسر پراجوال مہاراجن نے کہا کہ ‘ہم نے جائے وقوع سے 12 لاشیں اٹھائی تھیں جبکہ دو افراد ہسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئے تھے’۔

نیپال کی ٹریفک پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق افراد میں 4 بچے بھی شامل ہیں۔

مقامی انتظامیہ نے بتایا کہ زخمی ہونے والے دیگر 18 افراد کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق زائرین نیپال کے ضلع ڈولاکھا میں 4 ہزار میٹر بلند پہاڑی علاقے میں واقع ہندووں کے مشہور مندر کالینچوک بھگاواتی سے واپس آرہے تھے۔

حادثے کی وجہ معلوم نہ ہوسکی لیکن پولیس کا کہنا تھا کہ اکثر حادثے علاقے کے مشکل راستوں کے باعث پیش آتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:بھارت اور نیپال میں مون سون بارشوں سے تباہی، 40 افراد ہلاک

خیال رہے کہ نیپال میں سڑکوں کے بدترین نظام، ناقص گاڑیوں اور غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کے باعث جان لیوا ٹریفک حادثات اکثر پیش آتے رہتے ہیں۔

نیپال کے وسطی علاقے میں گزشتہ ماہ بھی ایک بدترین ٹریفک حادثہ پیش آیا تھا جہاں مسافر بس کھائی میں جا گری تھی اور کم ازکم 18 مسافر ہلاک ہوگئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں