حکومت کا آئندہ ہفتے صنعتوں کیلئے گیس سپلائی بحال کرنے کا فیصلہ

اپ ڈیٹ 29 دسمبر 2019
ایس این جی پی ایل گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوششیں کررہی ہے— فائل فوٹو: رائٹرز
ایس این جی پی ایل گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوششیں کررہی ہے— فائل فوٹو: رائٹرز

لاہور: حکومت نے کہا ہے کہ مول گیس فیلڈ سے سپلائی کی بحالی اور ریگیسیفائیڈ لیکویفائیڈ نیچرل گیس( آر ایل این جی) کی اضافی مقدار کی فراہمی کے بعد صنعتی شعبے (خاص طور پر پنجاب ) کو قدرتی گیس منگل ( 31 دسمبر ) سے فراہم کی جائے گی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل ) کے سرکاری ذرائع کے مطابق سسٹم میں آر ایل این جی کی مسلسل سپلائی کے بعد آئندہ ہفتے میں کمپریسڈ نیچرل گیس (سی این جی) سیکٹر میں بھی گیس سپلائی کی بحالی کا امکان ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ’ زیرو-ریٹڈ برآمدی صنعت ( کارپٹس، ٹیکسٹائل، اسپورٹس، سرجیکل گڈز اور لیدر) کو گیس کی سپلائی جاری ہے لہذا یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ صنعتی شعبے کو آر ایل این جی کی سپلائی 31 دسمبر سے بحال کی جائے گی۔

مزید پڑھیں: گیس بحران میں اضافے پر حکومت حرکت میں آگئی

ذرائع نے کہا کہ ’مذکورہ فیصلہ مول گیس فیلڈ سے سپلائی کی بحالی اور آر ایل این جی سپلائی میں اضافے کی وجہ سے کیا‘۔

ذرائع نے کہا کہ ’ صنعتوں کے لیے گیس سپلائی کی بحالی کے بعد سی این جی اسٹیشنز کی سپلائی بھی جلد بحال کی جائے گی، رواں برس دسمبر میں درجہ حرارت میں ریکارڈ کم ترین سطح پر پہنچنے کی وجہ سے صنعتوں، سی این جی کے شعبوں اور کچھ پاور پلانٹس کو گیس کی سپلائی معطل یا فراہم کی جانے والی گیس کی مقدار میں کمی کی گئی تھی ‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ موسم میں تیزی سے تبدیلی کی وجہ سے گزشتہ برس دسمبر میں صرف 150 ایم ایم سی ایف ڈی کے مقابلے میں رواں ماہ کے آخری ہفتے میں گھریلو صارفین کو آر ایل این جی سپلائی میں 500 ایم ایم سی ایف ڈی اضافہ کرنا پڑا تھا‘۔

یہ بھی پڑھیں: 'حکومت سندھ نے اپنی من مانی کے باعث گیس کا بحران پیدا کیا ہے'

ذرائع نے کہا کہ ’ ایس این جی پی ایل گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوششیں کررہی ہے‘۔

وزارت توانائی( پاور ڈویژن ) کے ایک عہدیدار کے مطابق اس وقت کمپنی 2 ہزار ایک سو 48 ایم ایم سی ایف ڈی گیس حاصل کررہی ہے، جس میں 958 ایم ایم سی ایف ڈی مقامی گیس، ایک ہزار 75 ایم ایم سی ایف ڈی اور سسٹم میں پریشر لائن گیس میں اضافے کی وجہ سے 115 ایم ایم سی ایف ڈی گیس شامل ہے۔

عہدیدار نے کہا کہ 170 ایم ایم سی ایف ڈی گیس الگ پائپ لائنز کے ذریعے آزاد پاور پروڈیوسرز اور فرٹیلائزر انڈسٹری کوخصوصی طور پر فراہم کی جارہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 2 ہزار ایک سو 48 ایم ایم سی ایف ڈی گھریلو، توانائی اور زیرو ریٹڈ صنعتی شعبوں کو فراہم کی جارہی ہے۔

عہدیدار نے دعویٰ کیا کہ ’ اس وقت گیس کا کوئی شارٹ فال نہیں ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ صنعتوں کو گیس کی فراہمی کے بعد سی این جی سیکٹر کو بھی گیس کی سپلائی بحال ہوجائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں