سال نو کے پہلے دن پاکستان میں 16ہزار سے زائد بچوں کی پیدائش متوقع

اپ ڈیٹ 01 جنوری 2020
لوگ ننھے مہمانوں کا استقبال کریں گے—فوٹو: شٹراسٹاک
لوگ ننھے مہمانوں کا استقبال کریں گے—فوٹو: شٹراسٹاک

اقوام متحدہ کے ادارے بین الاقوامی چلڈرن ایمرجنسی فنڈ (یونیسیف) کا کہنا ہے کہ نئے سال کے پہلے دن پاکستان میں 16 ہزار سے زائد بچوں کی پیدائش متوقع ہے جو پوری دنیا میں پیدا ہونے والے بچوں کی کُل تعداد کا 4 فیصد بنتا ہے۔

دنیا بھر میں موجود افراد آج صرف نئے سال کا جشن ہی نہیں منائیں گے بلکہ اپنے گھر آئے ننھے مہمانوں کا استقبال بھی کریں گے۔

یونیسیف کی رپورٹ کے مطابق سال 2020 کے پہلے دن دنیا بھر میں 3 لاکھ 92 ہزار بچوں کی پیدائش متوقع ہے جن میں 16 ہزار 787 بچے پاکستان میں پیدا ہونے کا امکان ہے۔

عالمی سطح پر بچوں کی پیدائش کی کُل تعداد میں سے نصف بچے 8 ممالک میں ہی ہوں گے اور ان میں پاکستان چوتھے نمبر پر ہے جبکہ سال نو کے پہلے روز سب سے زیادہ بچوں کی پیدائش بھارت میں ہوگی۔

یونیسیف کے مطابق یکم جنوری کو بھارت میں 67 ہزار 385، چین میں 46 ہزار 299، نائیجیریا میں 26 ہزار 39، انڈونیشیا میں 13 ہزار 20، امریکا میں 10 ہزار 452، کانگو میں 10 ہزار 247 جبکہ ایتھوپیا میں 8 ہزار 493 بچوں کی پیدائش متوقع ہے۔

خیال رہے کہ 2018 میں 25 لاکھ بچے اپنی پیدائش کے پہلے ہی ماہ میں انتقال کرگئے تھے۔

ان بچوں میں زیادہ تر کی اموات قبل از وقت پیدائش، پیدائش کے وقت کی پیچیدگیاں اور نمونیہ جیسے انفیکشنز سے ہوئیں جو ان کے زندہ رہنے کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں