کراچی میں سرد ترین دن سے نئے سال کا آغاز

اپ ڈیٹ 01 جنوری 2020
سرد ہواؤں سے ٹھٹھرتے کراچی کے شہری آگ جلا کر ہاتھ سیک رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
سرد ہواؤں سے ٹھٹھرتے کراچی کے شہری آگ جلا کر ہاتھ سیک رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

کراچی میں نئے سال کا آغاز سردی کی شدید لہر کے ساتھ ہوا ہے اور بدھ کو شہر قائد میں کم سے کم درجہ حرارت 9ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

کراچی میں گزشتہ دنوں سے پڑنے والی سردی مزید شدت اختیار کرگئی ہے اور نئے سال کے آغاز کے موقع پر شہر میں درجہ حرارت اگرچہ 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا لیکن یہ 7ڈگری تک محسوس کیا گیا۔

مزید پڑھیں: پاکستان کا وہ علاقہ جہاں سردی سے آبشار اور جھیل بھی جم گئی

محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سردار سرفراز کے مطابق بدھ کو کراچی میں رواں موسم سرما کا سب سے کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی میں سردی کی موجودہ لہر مزید دو دن تک برقرار رہنے کا امکان ہے اور آنے والے دنوں میں درجہ حرارت 8ڈگری سینٹی گریڈ تک بھی گرسکتا ہے۔

سردار سرفراز نے بتایا کہ مغرب سے سائبیرین ہوائیں 30سے35 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں اور اس سے دن میں بھی درجہ حرارت 20ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عموماً کراچی میں موسم سرما کے دوران دن میں درجہ حرارت 24 سے 25ڈگری سینٹی گریڈ تک ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سردی سے بچنے کے لیے سستی اور اچھی جیکٹ خریدنا چاہتے ہیں؟

ساتھ ہی انہوں نے پیشن گوئی کی کہ 4 سے6 جنوری تک تیز ہواؤں کا سلسلہ بلوچستان منتقل ہو جائے گا جس سے درجہ حرارت میں تھوڑی بہتری آئے گی لیکن 7جنوری کے بعد درجہ حرارت پھر گر جائے گا جس سے سردی کی نئی لہر آنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ صرف کراچی ہی نہیں بلکہ پورے ملک میں توقع سے زیادہ سردی پڑ رہی ہے اور اسکردو میں رات کو درجہ حرارت منفی 18ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں