ثنا اللہ عباسی خیبر پختونخوا کے نئے آئی جی پولیس تعینات

پولیس سروس گریڈ 21 کے ثنا اللہ عباسی آئی جی گلگت بلتستان تعینات تھے —فائل فوٹو: بشکریہ ٹویٹر
پولیس سروس گریڈ 21 کے ثنا اللہ عباسی آئی جی گلگت بلتستان تعینات تھے —فائل فوٹو: بشکریہ ٹویٹر

پشاور: حکومت نے پولیس سروس آف پاکستان کے گریڈ 21 کے افسر ثنا اللہ عباسی کو خیبر پختونخوا کا نیا انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) مقرر کردیا۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق حکومت نے آئی جی خیبر پختونخوا محمد نعیم کو عہدے سے ہٹا دیا ہے۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ گرید 21 کے افسر ثنا اللہ عباسی کشمیر افیئرز اینڈ گلگت بلتستان ڈیژون کے تحت گلگت بلتستان میں بطور آئی جی فرائض انجام دے رہے ہیں تاہم ان کا فوری طور پر تبادلہ کرکے انہیں آئی جی خیبر پختونخوا مقرر کیا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں: 'وزیراعلیٰ سے اختلافات'، آئی جی اور چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کا تبادلہ

واضح رہے کہ ثنا اللہ عباسی انسپکٹر جنرل گلگت بلتستان کے عہدے پر فرائض انجام دے رہے تھے۔

گلگت بلتستان میں سیاحت کو فروغ دینے کے علاوہ ثنا اللہ عباسی نے ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کے تحفظ یقینی بنانے کے لیے خصوصی سیاحت فورس بنانے کا اعلان کیا تھا۔

ثنا اللہ عباسی کا کہنا تھا کہ تھائی لینڈ اور ملائیشیا کے ماڈل پر گلگت بلتستان میں ’سیاحت پولیس ڈویژن‘ بنایا کیا جائے گا، جس میں ایک آئی جی، ایک ایس ایس پی، 75 سب انسپکٹرز، 105 ہیڈ کانسٹیبل، 315 مرد کانسٹیبلز، 70 خاتون کانسٹیبلز اور 70 آفیشل اسٹاف سمیت 600 سے زائد عملہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: صلاح الدین محسود آئی جی پی خیبر پختونخوا مقرر

واضح رہے کہ حکومت نے 9 فروری 2019 کو چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا نوید کامران بلوچ کو عہدے سے ہٹانے کے بعد صوبے کے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس صلاح الدین خان محسود کا تبادلہ بھی کردیا تھا اور محمد نعیم خان کو خیبرپختونخوا کا نیا آئی جی تعینات کیا گیا تھا۔

نوٹی فکیشن کے مطابق پولیس سروس گریڈ 21 کے افسر آئی جی خیبرپختونخوا صلاح الدین محسود کو عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ محمد نعیم خان کو آئی جی خیبرپختونخوا تعینات کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: گلگت بلتستان اصلاحات کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی تشکیل

اس سے قبل محمد نعیم خان آئی جی آزاد کشمیر تعینات تھے جبکہ ان کی جگہ صلاح الدین محسود کو وہاں کا آئی جی تعینات کیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں