وزیراعظم سے ابوظبی کے ولی عہد کی ملاقات

اپ ڈیٹ 02 جنوری 2020
وزیراعظم سے ابوظبی کے ولی عہد نے ملاقات کی—فوٹو: محمد بن زاید ٹوئٹر
وزیراعظم سے ابوظبی کے ولی عہد نے ملاقات کی—فوٹو: محمد بن زاید ٹوئٹر
ابوظبی کے ولی عہد ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچے—فوٹو: پی ٹی آئی ٹوئٹر
ابوظبی کے ولی عہد ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچے—فوٹو: پی ٹی آئی ٹوئٹر
وزیراعظم عمران خان نے ابوظبی کے ولی عہد کا استقبال کیا—فوٹو: اسکرین شاٹ
وزیراعظم عمران خان نے ابوظبی کے ولی عہد کا استقبال کیا—فوٹو: اسکرین شاٹ

ابوظبی کے ولی عہد و متحدہ عرب امارات کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زاید النہیان اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے، جہاں انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے ون آن ون ملاقات بھی کی۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے نور خان ایئربیس پر ابوظبی کے ولی عہد کا طیارہ لینڈ کیا، جہاں وزیراعظم عمران خان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

اس موقع پر انہیں گلدستہ پیش کیا گیا، جس کے بعد وزیراعظم عمران خان، ابوظبی کے ولی عہد کے لیے گاڑی خود چلاتے ہوئے ایئرپورٹ سے روانہ ہوئے۔

واضح رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کا دورہ کرنے والے کسی مہمان کے لیے خود گاڑی چلائی، اس سے قبل بھی وہ متعدد مرتبہ ایسا کرچکے ہیں۔

مزید پڑھیں: آرمی چیف کا دورہ متحدہ عرب امارات، ابوظہبی کے ولی عہد سے ملاقات

بعد ازاں عمران خان اور ابوظبی کے ولی عہد کی ون آن ون ملاقات ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس حوالے سے ولی عہد نے ایک ٹوئٹ بھی کی اور اس میں لکھا کہ وہ اپنے 'دوست عمران خان' سے ملے اور 'دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کو بڑھانے اور مشترکہ علاقائی اور عالمی معاملات' پر تبادلہ خیال کیا۔

خیال رہے کہ روسی ٹوڈے ٹی وی کی جانب سے عرب دنیا کی 2019 کی سب سے بااثر شخصیت قرار دیے گئے ولی عہد شیخ محمد زاید بن النہیان کے دورے کا اعلان گزشتہ روز کیا گیا تھا۔

اس ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور کے علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے ابوظبی کے ولی عہد اور یو اے ای کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زاید النہیان کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر اور وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب اور یو اے ای کے وفد کے ارکان بھی موجود تھے۔

اماراتی ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان اپنا ایک روزہ دورہ مکمل کر کے واپس وطن روانہ ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

خیال رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں متحدہ عرب امارات کے سفیر نے بیان میں کہا تھا کہ ولی عہد کے اس دورے کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط کرنا ہے۔

پاکستان پہنچنے والے اماراتی حکمران نے اس سے قبل 6 جنوری 2019 کو پاکستان کا دورہ کیا تھا جبکہ یہ دورہ یو اے ای کی جانب سے پاکستان کی معیشت کی بہتری کے لیے دیے گئے 3 ارب ڈالر کے چند ہفتوں بعد سامنے آیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں