کراچی: اے ٹی ایم اسکیمنگ فراڈ کیس میں 3 چینی باشندے بری

اپ ڈیٹ 03 جنوری 2020
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج (جنوبی) امجد علی بوہیو نے فیصلہ سنایا—فائل فوٹو: ڈان نیوز
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج (جنوبی) امجد علی بوہیو نے فیصلہ سنایا—فائل فوٹو: ڈان نیوز

کراچی کی ضلعی عدالت نے 3 چینی باشندوں کو شواہد کی عدم فراہمی کے باعث سائبر دہشت گردی اور اے ٹی ایم اسکیمنگ کیس سے بری کردیا۔

ایف آئی اے نے سو ژوپنگ، جانگ کیاؤ چینگ اور ژونگ شاون کو حراست میں لیا تھا اور ان پر 2018 میں کراچی کے مختلف علاقوں میں الیکٹرانک جرائم، سائبر دہشت گردی، فراڈ اور جعلسازی کا الزام عائد کیا تھا۔

مزید پڑھیں: اے ٹی ایم اسکیمنگ فراڈ: گرفتار چینی باشندوں کے ریمانڈ میں توسیع

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج (جنوبی) امجد علی بوہیو نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزمان کو عدم شواہد کی بنا پر بری کیا۔

جج نے اپنے حکم میں کہا کہ استغاثہ ملزمان کے خلاف اپنا مقدمہ ثابت کرنے میں ناکام رہا لہٰذا عدالت ملزمان کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے تمام الزامات سے بری کر رہی ہے۔

جج امجد علی بوہیو نے جیل حکام کو بھی ہدایت کی کہ اگر انہیں کسی اور معاملے میں حراست کی ضرورت نہیں تو چینی شہریوں کو جلد رہا کر دیں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: اے ٹی ایم اسکیمنگ فراڈ کے حوالے سے مزید4 چینی باشندے گرفتار

استغاثہ کے مطابق جانگ کیاؤ چینگ اور ژونگ شاون کو مبینہ طور پر جنوری 2018 میں عبداللہ ہارون روڈ پر حبیب بینک لمیٹڈ (ایچ بی ایل) برانچ میں نصب اے ٹی ایم مشین کے ارد گرد مشتبہ حالات میں دیکھا گیا تھا۔

پراسیکیوشن نے مزید کہا کہ ایف آئی اے حکام نے مبینہ طور پر مذکورہ اے ٹی ایم مشین میں اسکیمنگ ڈیوائس داخل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے انہیں پکڑا۔

علاوہ ازیں عدالت نے ٹیپو سلطان روڈ پر مسلم کمرشل بینک برانچ کی اے ٹی ایم مشین سے متعلق ایک کیس میں سو ژوپنگ کو بری کیا۔

استغاثہ کے مطابق ملزم نے 'غیر قانونی طور پر صارفین کے ڈیٹا تک رسائی حاصل کی تھی اور غیر مجاز انداز میں جعلی اے ٹی ایم کارڈ استعمال کرکے 6 لاکھ 50 ہزار روپے نکالے تھے'۔

مزید پڑھیں: اے ٹی ایم فراڈ: 559 بینک اکاؤنٹس سے 1 کروڑ روپے کی چوری

یاد رہے کہ ملک میں اے ٹی ایم اسکیمنگ فراڈ کی خبریں اس وقت منظر عام پر آئی تھیں جب حبیب بینک نے اپنے 559 صارفین سے ایک کروڑ سے زائد رقم چوری ہونے کی تصدیق کی تھی۔

بینک کی جانب سے کہا گیا تھا کہ انڈونیشیا، چین اور دیگر ممالک کو کی گئی ٹرانزیکشنز پکڑی گئیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

honorable Jan 03, 2020 03:23am
bad example