ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے بڑے بیٹے کا انتقال، سیاسی رہنماؤں کا اظہار تعزیت

عامر مانڈوی والا کچھ عرصے سے زیرعلاج تھے — فائل فوٹو: سلیم مانڈوی والا ٹوئٹر
عامر مانڈوی والا کچھ عرصے سے زیرعلاج تھے — فائل فوٹو: سلیم مانڈوی والا ٹوئٹر

ایوان بالا (سینیٹ) کے ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا کے بڑے بیٹے طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کرگئے۔

واضح رہے کہ 34 سالہ عامر مانڈوی والا گزشتہ کچھ روز سے ضیاالدین ہسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں زیر علاج تھے۔

بعد ازاں پیر کی صبح ان کی تدفین کراچی کے میوا شاہ قبرستان میں نور باغ میں کردی گئی۔

اپنے بیٹے کی وفات پر پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے سلیم مانڈوی والا نے ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ 'میرا پہلا بیٹا عامر ہمیں چھوڑ کر چلا گیا، اللہ سے دعا ہے کہ اسے جنت میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور مجھے اور میرے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے' آمین۔

علاوہ ازیں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ان کے انتقال پر سلیم مانڈوی والا اور ان کے گھر والوں سے اظہار تعزیت کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایک والد کے لیے اس کے جوان بیٹے کی موت ناقابل برداشت چیز ہے۔

اس کے علاوہ قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے بھی تعزیت کا اظہار کیا اور سلیم مانڈوی والا کے بیٹے کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

انہوں نے مرحوم کی روح اور اس مشکل وقت میں ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرنے کی دعا کی۔

دریں اثنا مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے سلیم مانڈوی والا کے جواں سال بیٹے کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔

واضح رہے کہ سلیم مانڈوی والا کا تعلق ملک کے معروف کاروباری خاندان سے ہے، وہ 2018 میں سیاست میں آنے سے قبل لسبیلہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں