کراچی: ہسپتال کے انکیوبیٹر میں آتشزدگی سے نومولود جاں بحق

اپ ڈیٹ 09 جنوری 2020
انکیوبیٹر نومولود کی طبی اعتبار سے کڑی دیکھ بھال کے لیے ہوتا ہے—فائل فوٹو / زینت خان
انکیوبیٹر نومولود کی طبی اعتبار سے کڑی دیکھ بھال کے لیے ہوتا ہے—فائل فوٹو / زینت خان

کراچی میں قومی ادارہ برائے صحت اطفال (این آئی سی ایچ) ہسپتال کے انکیوبیٹر میں آتشزدگی سے اس میں زیر علاج ایک نومولود بچی جاں بحق ہوگئی۔

خیال رہے کہ انکیوبیٹر نومولود کی طبی اعتبار سے کڑی دیکھ بھال کے لیے ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی میں ایک اور بچی مبینہ غلط انجیکشن سے جاں بحق

صدر پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او ارشاد آفریدی نے ڈان کو بتایا کہ آگ لگنے کے واقعے کے بارے میں ہسپتال انتظامیہ نے انہیں آگاہ نہیں کیا تھا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا کہ آگ انکیوبیٹر میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی جو ہسپتال کے سرجیکل وارڈ کی دوسری منزل پر تھا۔

ایس ایچ او نے تصدیق کی کہ آتشزدگی کے نتیجے میں دو دن کی بچی جاں بحق ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ متاثرہ بچی کے اہل خانہ قانونی کارروائی کے بغیر ہی لاش لے گئے۔

فائر بریگیڈ کے ایک اہلکار نے ڈان کو بتایا کہ انہیں بھی واقعے کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی:غلط انجیکشن سے ایک اور بچی جاں بحق، 'اتائی' ڈاکٹر گرفتار

دوسری جانب این آئی سی ایچ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر جمال رضا نے ڈان کو بتایا کہ 'سامان کی خرابی کی وجہ سے ممکنہ طور پر سرجیکل وارڈ میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا'۔

ڈاکٹر جمال رضا نے مزید کہا کہ 'آگ پر تیزی سے قابو پالیا گیا اور مریضوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا لیکن انکیوبیٹر میں بچی زندہ نہیں رہ سکی'۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سے رپورٹ طلب کرلی۔

انہوں نے نومولود کی موت پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات سے بچنے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائیں۔

مزید پڑھیں: کراچی: وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں مریضہ سے مبینہ زیادتی، قتل کا نوٹس لے لیا

دوسری جانب محکمہ صحت سندھ نے واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی۔

کمیٹی کو 3 دن میں اپنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں