کہتے ہیں اگر کچھ کرنے کی لگن ہو تو انسان ہر مشکل کا سامنا کرسکتا ہے، اسی بات کو سچ ثابت کرتے ہوئے لاہور کے ایک باہمت نوجوان نے معذوری کو شکست دے کر اعلیٰ مثال قائم کردی۔

23 سالہ اسامہ کاردار ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت کے باعث جسمانی معذوری کا شکار ہوئے، لیکن انہوں نے ہمت نہ ہاری اور زندگی میں کچھ کرنے کی خواہش کو پورا کر دکھایا۔

باہمت نوجوان کمپیوٹر سافٹ ویئر ایکسپرٹ کے فرائض انجام دے رہا ہے جس نے مشکلات کے باوجود بھی اس پیشے میں مہارت حاصل کی ہے۔

اسامہ کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت ناصرف مختلف سافٹ ویئرز ڈیزائن کررہا ہے، بلکہ شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہینڈل کرکے اپنا گزر بسر کرتا ہے۔

3 بہنوں کا اکلوتا بھائی اسامہ کاردار نہ صرف اپنی فیملی کی آنکھ کا تارا ہے بلکہ دوستوں میں بھی مقبول ہے۔

حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اسامہ معذوری کے باوجود گاڑی چلانا بھی بخوبی جانتا ہے۔

تاہم، ڈرائیونگ لائسنس نہ ہونے کی وجہ سے وہ یہ کام نہیں کرسکتا۔

اسامہ کے گھر والے بھی اس کے جذبے کو دیکھ کر فخر محسوس کرتے ہیں، جبکہ ان کا کہنا ہے کہ اگر ڈرائیونگ لائسنس مل جائے تو اسامہ گاڑی چلا کر بھی روزگار کما سکتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں