انگلینڈ سے ایک روزہ سیریز کیلئے ڈی کوک جنوبی افریقہ کے کپتان مقرر

اپ ڈیٹ 27 جنوری 2020
ڈی کوک اس سے قبل 4 میچوں میں جنوبی افریقہ کی قیادت کرچکے ہیں—فائل/فوٹوؒرائٹرز
ڈی کوک اس سے قبل 4 میچوں میں جنوبی افریقہ کی قیادت کرچکے ہیں—فائل/فوٹوؒرائٹرز

جنوبی افریقہ نے عالمی چمپیئن انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ سیریز کے لیے فاف ڈیوپلیسی کو آرام دے کر وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کوک کو ٹیم کا کپتان مقرر کردیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی 'اے ایف پی' کی رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقہ نے 4 فروری سے شروع ہونے والی 3 میچوں کی ایک روزہ سیریز کے لیے مستقل کپتان فاف ڈیوپلیسی اور فاسٹ باؤلر کگیسو رابادا کو آرام دیا ہے۔

سلیکٹر لنڈا زونڈی کا کہنا تھا کہ فاف ڈیوپلیسی کو ٹیم میں منتخب نہ کرنے کا مطلب ان کے ایک روزہ کیریئر کے خاتمے کا اشارہ ہرگز نہیں ہے۔

مزید پڑھیں:جنوبی افریقہ کو تیسرے ٹیسٹ میں شکست، انگلینڈ کو سیریز میں برتری

ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم نے فاف ڈیوپلیسی اور رابادا کو اس سیریز میں آرام دینے کا فیصلہ کیا کیونکہ دونوں بہت زیادہ کرکٹ کھیل چکے ہیں’۔

لنڈا زونڈی کا کہنا تھا کہ ڈی کوک کو کپتان بنانا ورلڈ کپ 2023 کے لیے متبادل قیادت کے منصوبے کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‘انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ سیریز کے بعد ٹی ٹوئنٹی کے لیے بھی مختلف ٹیم کا چناؤ ہوگا جس کے بعد آسٹریلیا کے خلاف بھی ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ سیریز ہوگی’۔

ڈی کوک اس سے قبل ایک روزہ اور ٹوئنٹی کے 2،2 میچوں میں جنوبی افریقہ کی قیادت کرچکے ہیں۔

جنوبی افریقہ کرکٹ کے قائم مقام ڈائریکٹر گراہم اسمتھ کا کہنا تھا کہ ڈی کوک دنیا کے بہترین وکٹ کیپر بلے بازوں میں سے ایک ہیں اور ہم پراعتماد ہیں کہ قیادت کے نئے کردار سے بحیثیت کرکٹر ان میں نکھار آئے گا۔

یہ بھی پڑھیں:تیسرا ٹیسٹ: جنوبی افریقہ کے خلاف انگلینڈ کی پوزیشن مستحکم

عالمی چمپیئن کے خلاف سیریز کے لیے ٹیم میں نئے بلے باز جینیمن ملان سمیت دیگر کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے جبکہ نگیدی کی واپسی ہوئی ہے۔

ایک روزہ سیریز کے لیے جنوبی افریقہ کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔

کوئنٹن ڈی کوک (کپتان)، ٹیمبا بووما، بورن فورٹوئین، بیوران ہینڈرکس، ریزا ہینڈرکس، سیساندا مگالا، جنیمن ملان، ڈیوڈ ملر، اینڈیلا فلکوایو، لونگی نگیدی، تبریز شمسی، لوتھو سپالا، ریسی وین در دوسن، کائل ویرین اور آل راؤنڈر جون جون اسمٹس شامل ہیں۔

جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے درمیان ایک روزہ سیریز کا آغاز 4 فروری کو کیپ ٹاؤن میں ہوگا، دوسرا میچ 7 فروری کو ڈربن اور تیسرا میچ 9 فروری کو جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔

انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز 12 فروری کو شروع ہوگی اور 3 میچ کھیلے جائیں گے۔

خیال رہے کہ انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ سیریز جاری ہے جہاں انگلینڈ کو 1-2 کی برتری حاصل ہے جبکہ سیریز کا آخری میچ 24 جنوری کو شروع ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں