بالغ ہونے کے بعد لوگ موٹاپے کا شکار کیوں ہوجاتے ہیں؟

25 جنوری 2020
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی — شٹر اسٹاک فوٹو
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی — شٹر اسٹاک فوٹو

بالغ ہونے کے بعد تعلیمی اداروں سے فارغ التحصیل ہونے پر ملازمت میں مصروف ہوجانے سے لوگ جسمانی طور پر کم متحرک ہوجاتے ہیں جبکہ جسمانی وزن بڑھ جاتا ہے، اس کے ساتھ ساتھ ماں بننے پر بھی جسمانی وزن میں اضافہ ہوتا ہے۔

یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

کیمبرج یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ بیشتر افراد میں بلوغت کے بعد جسمانی وزن میں اضافہ ہوتا ہے اور یہی وہ عمر ہے جس میں موجودہ عہد میں موٹاپے کی شرح میں بہت تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

محققین کے مطابق جسمانی وزن میں اضافے کی وجہ غذا میں تبدیلی اور جسمانی طور پر کم متحرک ہونا ہوتا ہے۔

جریدے اوبیسٹی ریویوز میں شائع تحقیق میں تعلیم سے لے کر ملازمت اور پھر اولاد کے ہونے تک جسمانی سرگرمیوں، غذا اور جسمانی وزن میں تبدیلیوں کو دیکھا گیا۔

اس مقصد کے لیے 2 مختلف تحقیقات کی گئیں اور ایسے شواہد کو دیکھا گیا جو اعلیٰ تعلیم یا ملازمت سے جسمانی وزن، غذا اور جسمانی سرگرمیوں پر اثرات کے حوالے سے تھے۔

15 سے 35 سال کی عمر کے افراد پر ہونے والی 19 تحقیقی رپورٹس کے تجزیے سے دریافت کیا گیا کہ تعلیمی اداروں سے نکلنا اوسطاً دن بھر میں جسمانی سرگرمیوں کے وقت میں 7 منٹ روزانہ تک کمی کا باعث بنتا ہے اور یہ کمی خواتین کے مقابلے میں مردوں میں زیادہ ہے (مردوں میں یہ دورانیہ 16 منٹ جبکہ خواتین میں 6.7 منٹ دریافت کیا گیا)۔

مزید تفصیلی تجزیے سے انکشاف ہوا کہ یہ تبدیلی اس وقت زیادہ بڑی ہوتی ہے جب لوگ یونیورسٹی کا رخ کرتے ہیں جہاں ان کی جسمانی سرگرمیوں کے وقت میں اوسطاً 11.4 منٹ تک کمی آجاتی ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ بچے عموماً ایک ایسے ماحول میں ہوتے ہیں جس میں انہیں صحت بخش غذا اور جسمانی طور پر سرگرم رہنے کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے مگر یونیورسٹی، ملازمت اور بچوں کی دیکھ بھال کا تناﺅ رویوں میں تبدیلی کا باعث بنتا ہے جو طویل المعیاد بنیادوں پر صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بہت اہم وقت ہوتا ہے جب لوگ صحت مند یا نقصان دہ عادات کو اپنا کر انہیں بلوغت کی زندگی کا حصہ بناسکتے ہیں۔

دوسری تحقیق میں سائسندانوں نے یہ دیکھا کہ بچے کی پیدائش سے والدین کے وزن، غذا اور جسمانی سرگرمیاں کس حد تک تبدیل ہوتی ہیں۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ بچے کی پیدائش پر ماں کے جسمانی وزن میں اوسطاً 1.3 کلوگرام تک اضافہ ہوجاتا ہے مگر باپ کے وزن پر اس سے کوئی اثر نہیں ہوتا۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ اولاد کے بعد والدین کی جسمانی سرگرمیوں کے دورانیے میں نمایاں حد تک کمی آتی ہے کیونکہ وہ اپنی صحت کے بجائے بچوں پر بہت زیادہ توجہ دینے لگتے ہیں۔

محققین کے مطابق والدین کو جسمانی طور پر سرگرمیاں بڑھانے کے ساتھ اپنی غذا پر توجہ دینی چاہیے۔

تبصرے (0) بند ہیں