ایف بی آر نے ٹیکس چوری کے مزید کیسز بے نقاب کردیے

اپ ڈیٹ 25 جنوری 2020
حکومت نے ان اکاؤنٹس کے ماخذ کی تحقیقات کرنے کا فیصلہ کیا ہے—تصویر: اے ایف پی
حکومت نے ان اکاؤنٹس کے ماخذ کی تحقیقات کرنے کا فیصلہ کیا ہے—تصویر: اے ایف پی

اسلام آباد: وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹیلیجنس اینڈ انویسٹی گیشن (ڈی جی، آئی اینڈ آئی) نے ایسے متعدد کیسز نے پردہ اٹھایا ہے جس میں ٹیکس سے بچنے کے لیے رقم کی منتقلی دور دراز علاقوں میں کی گئی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ صرف 3 کیسز میں اربوں روپے کا ٹیکس چوری کیا گیا جو منی لانڈرنگ کے زمرے میں آتا ہے۔

ایک سینیئر عہدیدار نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’حکومت نے ان اکاؤنٹس کے ماخذ کی تحقیقات کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس میں متعلقہ قوانین کے تحت (ملوث) رقوم پر ٹیکس لگاکر اسے منطقی انجام تک پہنچانے کی کوشش کی جائے گی'۔

یہ بھی پڑھیں: بینک اکاؤنٹس میں رقم کی غیر قانونی منتقلی کا ایک اور اسکینڈل بے نقاب

ان کا کہنا تھا کہ ان کیسز کو انسداد منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 اور بے نامی ایکٹ 2017 کے تحت نمٹا جائے گا، ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹیکس چوری کے حیرت انگیز طریقے سامنے آرہے ہیں، تاہم حکومت معیشت کو دستاویزی کرنے کے لیے پُرعزم ہے اس لیے ہر ایک کو ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔

اس حوالے سے دیکھے گئے سرکاری دستاویزات کے مطابق ڈی جی آئی اینڈ آئی کے حیدرآباد چیپٹر نے کسٹم، ٹیکسیشن اور اینٹی اسمگلنگ کراچی کے خصوصی جج کی عدالت میں اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کے تحت 3 شکایات دائر کی ہیں۔

یہ شکایات 3 افراد حکمت اللہ، عبدالنافع اور حیات اللہ کے خلاف تفتیش کے بعد دائر کی گئیں۔

اس ضمن میں ذرائع نے بتایا کہ ان افراد کے اکاؤنٹس میں موصول ہونے والی رقم ان کے ٹیکس ڈیکلریشن میں ظاہر کردہ رقم سے کہیں زیادہ ہے، تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ سال 2014 سے 2018 کے درمیان حکمت اللہ جو رپورٹس کے مطابق ایک اسکریپ ڈیلر ہیں، ان کے متعدد بینک اکاؤٹس تھے۔

مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا میں بینکوں سے 20 ارب روپے کے غیر قانونی لین دین کا انکشاف

حکمت اللہ نے 15 لاکھ 70 ہزار روپے کی وصولیاں ظاہر کیں اور کوئی انکم ٹیکس ادا نہیں کیا لیکن ان کے بینک میں 10 ارب 50 کروڑ روپے کی رقم موجود تھی۔

ایف بی آر کے مطابق حکمت اللہ نے اپنی حقیقی آمدن/ کاروبار/ ریونیو کو اپنی آمدن پر لاگو ٹیکس سے بچنے کے لیے حکومت سے چھپایا، اگرچہ ان کی واحد ملکیت کاروبار ہے لیکن وہ اپنے بینک اکاؤنٹس میں اعلیٰ سطح کی مالیاتی سرگرمیوں میں ملوث تھے جبکہ مذکورہ کیس میں تقریباً 5 ارب 64 کروڑ روپے کا ٹیکس چوری کیا گیا۔

دوسرے کیس میں عبدالنافع کی بھی واحد ملکیت کاروبار ہے، جہاں انہوں نے 2014 سے 2018 کے درمیان 33 لاکھ 90 ہزار روپے کی وصولی ظاہر کیں اور کوئی انکم ٹیکس ادا نہیں کیا تاہم ان کے بینک میں 6 ارب 61 کروڑ روپے کی رقم موجود تھی۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ: ٹیکس فراڈ میں ملوث جعلی کمپنیوں سے متعلق ایف بی آر سے رپورٹ طلب

دستاویز کے مطابق عبدالنافع چاول اور خشک میوہ جات کی ہول سیل کا کاروبار کرتے اور کاروبار میں رقوم کی منتقلی کے لیے مختلف بینکوں میں کئی بینک اکاؤنٹس ہیں جبکہ ایک اندازے کے مطابق اس کیس میں تقریباً 3 ارب 60 کروڑ روپے کا ٹیکس چوری کیا گیا۔

اس کے علاوہ چاول اور خشک میوہ جات کا ہول سیل کاروبار کرنے والے ایک اور شخص حیات اللہ کے بھی کاروبار کے حوالے سے رقوم کی منتقلی کے لیے مختلف بینکوں میں متعدد اکاؤنٹس ہیں۔

حیات اللہ نے سال 2014 سے 2018 تک 14 لاکھ 50 ہزار روپے کی وصولیاں ظاہر کیں اور انکم ٹیکس کی مد میں صرف 51 ہزا روپے ادا کیے تاہم ان کے بینک اکاؤنٹس میں تقریباً یک ارب 96 کروڑ روپے کی رقم موجود تھی۔

ایف بی آر نے حیات اللہ کی کیس میں ایک ارب روپے کی ٹیکس چوری کا تخمینہ لگایا ہے۔

دستاویز کے مطابق فیصل آباد، ملتان، پشاور اور اسلام آباد میں آئی اینڈ آئی کے ریجنل ڈائریکٹوریٹس نے بھی مختلف سیکٹرز میں دھوکہ دہندگان کی املاک پر چھاپے مارے۔

ٹیکس حکام کے مطابق ان تمام کیسز میں کارروائی جاری ہے، آئی اینڈ آئی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر بشیراللہ خان نے ٹیمز کو ہدایت کی کہ جتنی جلد ممکن ہو تحقیقات مکمل کی جائیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

تجمل Jan 25, 2020 12:43pm
ملک وقوم سے اس سے بڑی غداری کوئی اور ہو نہی سکتی کہ آپ جس ملک سے مال کماہیں اسے آپ پورا ٹیکس نہ دیں۔