اسلام آباد: ایف آئی اے ڈرائیور کی درخت سے لٹکی ہوئی لاش برآمد

04 فروری 2020
پولیس نے لاش کو ہسپتال منتقل کردیا—فائل فوٹو: رائٹرز
پولیس نے لاش کو ہسپتال منتقل کردیا—فائل فوٹو: رائٹرز

وفاقی دارالحکومت کی پولیس کا کہنا ہے کہ اسے اسلام آباد میں ایک درخت سے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے ڈرائیور کی لٹکی ہوئی لاش ملی ہے۔

درخت سے لٹکی ہوئی شخص کی لاش مارگلہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں سیکٹر جی-2/9 میں ابن سینا روڈ کے بالمقابل گرین ایریا سے ملی۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد میں فائرنگ سے پاک فوج کا میجر قتل

واقعے سے متعلق ڈان نیوز ٹی وی کو حاصل ہونے والے ورک آئی ڈی سے ظاہر ہوتا ہے کہ متوفی ایف آئی اے میں بطور اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) ڈرائیور کام کرتا تھا۔

علاوہ ازیں پولیس نے لاش کو اپنی تحویل میں لے کر موت کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردیں۔

پولیس کا کہنا تھا کہ وہ ممکنہ خودکشی یا قتل دونوں پہلوؤں سے معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد سے لاپتہ چینی شہری کی لاش بر آمد

اس حوالے سے اسلام آباد پولیس کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ متوفی سیکٹر جی-2/9 کا رہائشی تھا۔

بیان میں کہا گیا کہ جیسے ہی درخت پر لٹکی لاش کی اطلاع ملی اسٹیشن ہاؤس افسر مارگلہ اور ہومی سائڈ یونٹ کے افسران جائے وقوع پر پہنچ گئے۔

بعد ازاں مزید کارروائی شروع کرنے سے قبل متوفی کی لاش کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں