انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں شکست دے دی

اپ ڈیٹ 16 فروری 2020

ای میل

انگلینڈ نے سیریز1-1 سے برابر  کردی—فوٹو:اے ایف پی
انگلینڈ نے سیریز1-1 سے برابر کردی—فوٹو:اے ایف پی

انگلینڈ نے 3 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے اور ہم میچ میں میزبان جنوبی افریقہ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 رنز سے شکست دے کر سیریز1-1 سے برابر کرلی۔

ڈربن میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کے معین علی نے 3 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے شان دار اننگز کھیلی، اس سے قبل جنوبی افریقہ کے کپتان کوئنٹن ڈی کوک نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

انگلینڈ نے سیریز1-1 سے برابر  کردی — فوٹو: اے ایف پی
انگلینڈ نے سیریز1-1 سے برابر کردی — فوٹو: اے ایف پی

جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کے جاز بٹلر کو 17 رنز کے مجموعی اسکور پر قابو ضرور کرلیا تھا لیکن جیسن روئے اور جونی بیئراسٹو نے بالترتیب 40 اور 35 رنز کی اننگز کھیل کر انگلینڈ کو اچھی پوزیشن دلا دی۔

دونوں بلے باز 90 رنز پر پویلین لوٹے تو کپتان مورگن نے ذمہ داری نبھاتے ہوئے بین اسٹوکس کے ساتھ مل کر اسکور کو 123 رنز تک پہنچایا۔

پریٹوریس نے مورگن کی 27 رنز کی اننگز تمام کی تو فیلکوایو نے ڈینلے کو ایک رن سے آگے بڑھنے کی اجازت نہیں دی تاہم 16ویں اوور میں وکٹ پر آنے والے معین علی نے میزبان باؤلرز کے خلاف کھل کر شاٹ کھیلے۔

یہ بھی پڑھیں:جنوبی افریقہ کا آئندہ ماہ شیڈول دورہ پاکستان مؤخر

معین علی اور بین اسٹوکس نے 18 اوورز میں اسکور کو 125 سے 176 رنز تک پہنچایا تاہم معین علی کی 11 گیندوں پر مشتمل 39 رنز کی برق رفتار اننگز کو نگیدی نے روک لیا جس کے بعد جارڈن 7 رنز کا اضافہ کرکے پویلین لوٹ گئے۔

انگلینڈ نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 204 رنز بنائے، بین اسٹوکس نے آؤٹ ہوئے بغیر 47 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے نگیدی نے 3 اور فیلکوایو نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

میزبان ٹیم نے ہدف کے تعاقب میں کپتان ڈی کوک اور بووما کے درمیان 92 رنز کی طویل شراکت بنا کر انگلینڈ کے لیے خطرے کی گھنٹی بجادی لیکن مہمان باؤلرز نے احتیاط کا دامن ہاتھ سے جانے نہیں دیا۔

ڈی کوک آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے جنہوں نے صرف 22 گیندوں کا سامنا کیا جس میں 2 چوکے اور 8 چھکوں سے مزین 65 رنز کی شان دار اننگز کھیلی، بووما 31 رنز بنا سکے۔

ڈیوڈ ملر کی اننگز بھی 21 رنز سے آگے نہ بڑھ سکی اور 123 کے مجموعے پر دم توڑ گئی تاہم وین ڈوسن نے آؤٹ ہوئے بغیر 43 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلانے کی بھرپور کوشش کی تھی۔

پریٹوریس نے 25 اور اسمٹس نے 13 رنز بنا کر ڈوسن کا ساتھ دیا لیکن ٹیم 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تو جیت کے لیے مزید 3 رنز درکار تھے۔

انگلینڈ نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں 2 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیریز بھی 1-1 سے برابر کرلی، معین علی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا آخری میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔