بھارت: بار گرل سے ڈاکو رانی بننے والی خاتون گرفتار

16 فروری 2020
خاتون کی شکایت کے بعد پولیس نے ڈاکو رانی کو گرفتار کیا—فوٹو: اے ٹی وی
خاتون کی شکایت کے بعد پولیس نے ڈاکو رانی کو گرفتار کیا—فوٹو: اے ٹی وی

بھارتی ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی کی پولیس نے ایک خاتون کی فریاد پر کارروائی کرتے ہوئے بار گرل سے ڈاکو رانی بننے والی خاتون کو گرفتار کرلیا۔

بھارتی اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق ممبئی پولیس نے ایک خاتون ٹیچر کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے گزشتہ ماہ کے آخر میں درجنوں خواتین کو لوٹنے والی خاتون کو گرفتار کیا۔

رپورٹ کے مطابق پولیس کی جانب سے گرفتار کی گئی خاتون 37 سالہ یاسمین شیخ ابتدائی طور پر ’ڈانس بار‘ میں ملازمت کرتی تھیں تاہم بعد ازاں ڈانس بارز پر پابندی کی وجہ سے وہ بے روزگار ہوگئیں۔

بے روزگاری کے بعد یاسمین شیخ نے ایک خاتون دوست کے مشورے پر جرائم کی دنیا میں قدم رکھا اور برقع پہن کر کافی عرصے سے ڈکیتیاں کرنے میں مصروف رہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ یاسمین شیخ نے ممبئی میں اپنا گھر لینے اور بڑی بیٹی کی تعلیم کے لیے ڈکیتیاں کرنے کا آغاز کیا اور وہ زیادہ تر خواتین کو لوٹتی تھیں۔

یاسمین شیخ کے گھر سے سونا بھی برآمد کرلیا گیا، پولیس
یاسمین شیخ کے گھر سے سونا بھی برآمد کرلیا گیا، پولیس

یاسمین شیخ نے زیادہ تر ڈکیتیاں ممبئی ریلوے اسٹیشن کے گرد و نواح میں کیں تاہم انہوں نے دیگر علاقوں میں بھی خواتین کے منگل سوتر اتارنے سمیت ان کے موبائل، نقدی اور زیورات لوٹے یا اتارے۔

اخبار کے مطابق خاتون نے ڈکیتیوں کے ذریعے ہی ممبئی میں اپنا گھر لینے کے لیے 16 لاکھ روپے کی رقم مالک مکان کو جمع کرا رکھی تھی تاہم تاحال انہیں گھر کے مالکانہ حقوق نہیں ملے تھے۔

پولیس نے 26 جنوری کو ایک خاتون ٹیچر کی جانب سے اپنا منگل سوتر ایک نامعلوم برقع پوش خاتون کی جانب سے اتارے جانے کی شکایت کے بعد سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ڈاکو رانی یاسمین شیخ کو گرفتار کیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ پولیس نے گرفتاری کے وقت یاسمین شیخ کے گھر سے ساڑھے پانچ تولے سونے سمیت درجنوں چھینے گئے موبائل فونز بھی برآمد کیے جن کی مالیت تقریبا 8 لاکھ بھارتی روپے تک بتائی جا رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اگرچہ یاسمین شیخ ڈکیتیوں کے ذریعے اپنی 15 سالہ بڑی بیٹی کے اسکول کے اخراجات بھی ادا کرتی تھیں تاہم بعد ازاں ڈکیتیاں کرنے کی وجہ سے بیٹی نے ان کا گھر چھوڑ دیا تھا۔

یاسمین شیخ نے دو شادیاں کیں اور ان کے تین بچے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں