آئی ایس پی آر کے ڈرامے 'عہد وفا' پر پابندی کی درخواست مسترد

اپ ڈیٹ 19 فروری 2020

ای میل

ڈرامے کی کہانی 4 دوستوں پر مبنی ہے — فوٹو: یوٹیوب اسکرین شاٹ
ڈرامے کی کہانی 4 دوستوں پر مبنی ہے — فوٹو: یوٹیوب اسکرین شاٹ

لاہور ہائی کورٹ نے ہم ٹی وی پر نشر ہونے والے آئی ایس پی آر کے ڈرامے 'عہد وفا' پر پابندی کے لیے دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردی۔

لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس شاہد وحید نے ڈرامے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

خیال رہے کہ محمد ذیشان نامی قانون کے طالب علم نے عدالت میں 'عہد وفا' پر پابندی کے لیے درخواست دائر کی تھی۔

درخواست گزار محمد ذیشان نے عدالت کو بتایا تھا کہ وہ مالا کنڈ کے رہائشی ہیں اور لاہور میں قانون کی تعلیم حاصل کررہے ہیں۔

مزید پڑھیں: 'عہد وفا' پر پابندی کے لیے عدالت میں درخواست دائر

اپنا مؤقف بیان کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ڈرامے میں سیاستدان، میڈیا، بیوروکریسی اور فوج کے کردار دکھائے گئے جبکہ سیاستدانوں اور میڈیا کی کردار کشی کی جا رہی ہے۔

سماعت کے دوران جج نے محمد ذیشان سے اس ڈرامے کے خلاف درخواست دائر کرنے کی وجہ پوچھی جس پر درخواست گزار کا کہنا تھا کہ انہیں 'عہد وفا' ڈراما دیکھ کر دکھ ہوا۔

اس پر جسٹس شاہد وحید نے سوال کیا کہ کیا انہوں نے عدالت میں درخواست دائر کرنے سے قبل پیمرا سے رجوع کیا تھا؟

اس پر محمد ذیشان نے بتایا کہ انہیں پیمرا سے کوئی امید نہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے عدالت سے رجوع کیا۔

جس کے بعد جسٹس شاہد وحید نے درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کرنے کا فیصلہ سنایا۔

انہوں نے ریمارکس دیے کہ درخواست گزار پہلے پیمرا کو درخواست دیں اور اگر شنوائی نہ ہو تو وہ عدالت سے رجوع کرسکتے ہیں۔

خیال رہے کہ 'عہد وفا' میں احد رضا میر، عثمان خالد بٹ، احمد علی اکبر اور وہاج علی نے مرکزی کردار نبھائے۔

اس ڈرامے کی کہانی 4 دوستوں پر مبنی ہے جو اسکول میں ہوئے ایک جھگڑے کے بعد ایک دوسرے سے دور تو ہوجاتے ہیں لیکن ہمشیہ ساتھ گزارے لمحات کو یاد کرتے ہیں۔

ڈرامے کی کہانی کے مطابق چاروں دوست لارنس کالج میں اکٹھا پڑھتے ہیں، تاہم قواعد کی خلاف ورزی پر 3 دوستوں کو کالج سے نکال دیا جاتا ہے جبکہ ایک دوست جس کا کردار احد رضا میر ادا کررہے ہیں وہ فوج کا افسر بن جاتا ہے۔

اس کے علاوہ تین دوستوں میں سے ایک رکن اسمبلی، ایک صحافی اور ایک بیوروکریٹ بن جاتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے اشتراک سے بننے والے اس ڈرامے 'عہد وفا' کی ہدایات سیفی حسن دے رہے ہیں جبکہ اس کی کہانی مصطفیٰ آفریدی نے تحریر کی۔

اس ڈرامے میں ونیزہ احمد، زارا نور عباس اور علیزے شاہ نے بھی اہم کردار نبھائے۔