مالی سال کی پہلی ششماہی: مقامی تیل کی پیداوار میں 10 فیصد تک کمی

اپ ڈیٹ 23 فروری 2020
پاکستان ادارہ شماریات نے حال ہی میں نئے اعدادوشمار شیئر کیے ہیں — فائل فوٹو: ڈان
پاکستان ادارہ شماریات نے حال ہی میں نئے اعدادوشمار شیئر کیے ہیں — فائل فوٹو: ڈان

اسلام آباد: رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں مقامی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں 10 فیصد تک کمی دیکھی گئی ہے جس کی وجہ سے اس کی برآمدات میں بھی کمی آئی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق خام تیل کی درآمدات میں دو ہندسوں تک کی کمی آئی تھی جس کی وجہ سے رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں مقامی ریفائنریز میں پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں کمی دیکھی گئی۔

پاکستان کے ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل میں بالترتیب 8.68 فیصد اور 10.21 فیصد کمی آئی جس کی وجہ سے 11 پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں بھی کمی دیکھی گئی۔

مزید پڑھیں: ریونیو کے بھاری نقصان کی وجہ درآمدات میں کمی، ایف بی آر

تاہم دسمبر 2019 میں پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی پیداوار بالترتیب 21.11 فیصد اور 10.37 فیصد تک بڑھی تھی اور اسی مہینے ایل پی جی کی پیداوار 15.13 فیصد تک زیادہ رہی تھی۔

رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں گزشتہ سال کے مقابلے میں فرنس آئل کی پیداوار 14.06 فیصد کم رہی جس کی وجہ توانائی کے شعبے میں فرنس آئل کا استعمال کم ہونا تھا جبکہ اسی طرح جیٹ فیول کی پیداوار بھی 6.71 فیصد اور کیروسین آئل 11.64 فیصد کم رہی۔

لیوبریکیٹنگ آئل اور جیوٹ بیچنگ آئل کی پیداوار میں بالترتیب 22.57 فیصد اور 15.67 فیصد کمی آئی جبکہ ایل پی جی اور سولونٹ نیفٹا کی پیداوار بالترتیب 7.4 فیصد اور 0.35 فیصد تک کم ہوئی۔

اس کے نتیجے میں رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں پیٹرولیم مصنوعات کی برآمدات میں 40.18 فیصد کمی آئی جبکہ خام پیٹرول کی برآمدات میں 32.72 فیصد لاگت میں اور 25.49 فیصد مقدار میں کمی دیکھی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: موبائل فون کی درآمدات میں 98 فیصد اضافہ

پیٹرولیم مصنوعات کی برآمدات میں 69.16 فیصد تک لاگت میں اور 63.83 فیصد مقدار میں کمی سامنے آئی۔

رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں پیٹرولیم نیفٹا کی برآمدات میں 6.49 فیصد تک لاگت میں کمی آئی جبکہ مقدار میں 17.39 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا۔

اس کے برعکس رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں تیل کی درآمدات کا بل، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود، ڈالر کے حساب سے گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 17.91 فیصد تک کم رہا۔

مالی سال 2020-2019 کے پہلے 7 ماہ میں 7 ارب 13 کروڑ ڈالر کی مجموعی تیل کی مصنوعات کی درآمدات کی گئی جو گزشتہ سال اسی عرصے میں 8 ارب 68 کروڑ ڈالر تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں