نعمت اللہ خان کی نماز جنازہ ادا، گورنر و وزیر اعلیٰ سندھ کی شرکت

اپ ڈیٹ 26 فروری 2020
نماز جنازہ امیر جماعت اسلامی نے پڑھائی—فوٹو: جے آئی ٹوئٹر
نماز جنازہ امیر جماعت اسلامی نے پڑھائی—فوٹو: جے آئی ٹوئٹر

کراچی کے سابق سٹی ناظم اور جماعت اسلامی کے سینئر رہنما نعمت اللہ خان کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

شہر قائد میں نیو ایم اے جناح روڈ پر امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے نعمت اللہ خان کی نماز جنازہ پڑھائی۔

ان کی نماز جنازہ میں گورنر سندھ عمران اسمٰعیل، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، میئر کراچی وسیم اختر نے شرکت کی۔

اس کے علاوہ ایم کیو ایم کے سابق کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار، ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب، ایم کیو ایم حقیقی کے آفاق احمد سمیت مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

مزید پڑھیں: سابق سٹی ناظم کراچی نعمت اللہ خان انتقال کرگئے

یہی نہیں بلکہ نعمت اللہ خان کے نماز جنازہ میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

خیال رہے کہ کراچی کے سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان گزشتہ روز حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے انتقال کرگئے تھے۔

نعمت اللہ خان کی نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی—جے آئی ٹوئٹر
نعمت اللہ خان کی نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی—جے آئی ٹوئٹر

ان کی عمر 90 برس تھی اور وہ کافی عرصے سے علیل تھے۔

'بابائے کراچی' کا لقب پانے والے نعمت اللہ خان کے انتقال پر صدر مملکت، گورنر و وزیراعلیٰ سندھ، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو، میئر کراچی وسیم اختر، سابق میئر کراچی مصطفیٰ کمال سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے تعزیت کا اظہار کیا تھا جبکہ ان کے سیاسی مخالفین بھی ان کے کردار اور شخصیت کی تعریف کرتے نظر آئے تھے۔

نعمت اللہ خان پیدائش سے سفر آخرت تک

نعمت اللہ خان یکم اکتوبر 1930 کو بھارتی شہر اجمیر شریف کے علاقے شاہجہاں پور میں پیدا ہوئے اور وہیں سے ابتدائی تعلیم حاصل کی۔

جس کے بعد وہ ہجرت کرکے پاکستان آگئے جہاں انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے گریجویشن کیا جبکہ جامعہ کراچی سے فارسی لٹریچر میں ماسٹر کیا اور وہی سے صحافت میں ڈپلومہ اور ایل ایل بی کا امتحان پاس کیا، جس کے بعد انہوں نے انکم ٹیکس کے وکیل کے طور پر وکالت کا بھی آغاز کیا۔

زمانہ طالب علمی میں آپ نے تحریک پاکستان میں ایک فعال کارکن کے طور پر کام کیا، آپ نے شاہجہاں پور کے مسلم رکن قانون ساز اسمبلی کے ہمراہ قائد اعظم کی سربراہی میں ہونے والی "آل انڈیا مسلم لیجسلیٹرز کانفرنس" میں شرکت کی، اس کے علاوہ 1946 سے قیام پاکستان تک آپ مسلم لیگ نیشنل گارڈ ضلع اجمیر کے منتخب صدر رہے۔

بعد ازاں نعمت اللہ خان نے 1957 میں جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کی، آپ جماعت اسلامی کراچی کے امیر بھی رہے، آپ 1985 کے غیرجماعتی انتخابات میں سندھ اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور 1988 تک آپ قائد حزب اختلاف بھی رہے۔

نعمت اللہ خان کو یہ اعزاز حاصل رہا کہ وہ 2001 میں متعارف کرائے جانے والے ضلعی حکومتوں کے نظام کے بعد کراچی کے پہلے ناظم منتخب ہوئے۔

آپ 2001 سے 2005 تک 4 سال کے لیے کراچی کے ناظم رہے، پیشہ کے اعتبار سے آپ وکیل تھے جبکہ آپ نے جماعت اسلامی کی فلاحی تنظیم الخدمت فاؤنڈیشن کی سربراہی بھی کی۔

نعمت اللہ خان کا انتقال 25 فروری 2020 کو کراچی میں ہوا۔

تبصرے (0) بند ہیں