حارث رؤف کی جگہ سلمان ارشاد قلندرز کے اسکواڈ میں شامل

اپ ڈیٹ 01 مارچ 2020
حارث رؤف انجری کے سبب پاکستان سپر لیگ کے دو سے تین میچوں میں شرکت نہیں کر سکیں گے— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
حارث رؤف انجری کے سبب پاکستان سپر لیگ کے دو سے تین میچوں میں شرکت نہیں کر سکیں گے— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

لاہور قلندرز کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف پاؤں کی انجری کے سبب پاکستان سپر لیگ کے آئندہ دو سے تین میچوں میں شرکت نہیں کر سکیں گے اور ان کی جگہ سلمان ارشاد کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق حارث رؤف سیدھے پاؤں کی انجری کا شکار ہو گئے ہیں جس کے سبب وہ پاکستان سپر لیگ کے آئندہ دو سے تین میچوں میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

لاہور قلندرز نے حارث رؤف کی جگہ کسی اور کھلاڑی کو اسکواڈ کا حصہ بنانے کی درخواست کی تھی جس کے بعد ایونٹ کی ٹیکنیکل کمیٹی نے متبادل کھلاڑی کی حیثیت سے سلمان ارشاد کے نام کی منظوری دے دی۔

کمیٹی میں پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان، بازید خان، مرینہ اقبال، سمیر کھوسہ اور ڈاکٹر سہیل سلیم شامل ہیں۔

لاہور قلندرز کے مطابق حارث رؤف اپنے دائیں پاؤں کی ایڑھی میں درد محسوس کر رہے ہیں لیکن ایم آر آئی اور سٹی اسکین میں کسی قسم کے فریکچر کی نشاندہی نہیں ہوئی تاہم انہیں آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔

سلور کٹیگری میں شامل سلمان ارشاد اس سے قبل پی ایس ایل 2018 میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کر چکے ہیں اور ایونٹ میں 3 میچز کھیل چکے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں