کورونا وائرس: فلم ’فیٹ مین‘ کی شوٹنگ ملتوی

اپ ڈیٹ 18 مارچ 2020
فلم فیٹ مین بھی رواں سال ریلیز ہونے جارہی تھی ، فوٹو: انسٹاگرام
فلم فیٹ مین بھی رواں سال ریلیز ہونے جارہی تھی ، فوٹو: انسٹاگرام

سال 2019 کے ماہ نومبر میں پاکستان کے نامور ہدایت کار نبیل قریشی اور پروڈیوسر فضا علی مرزا نے اعلان کیا تھا کہ یہ دونوں سال 2020 میں دو فلموں پر کام کریں گے جن میں ایک ’قائداعظم زندہ باد‘ جبکہ دوسری ’فیٹ مین‘ ہوگی۔

’قائداعظم زندہ باد‘ میں فہد مصطفیٰ اور ماہرہ خان مرکزی کردار نبھارہے ہیں جبکہ ’فیٹ مین‘ میں احمد علی بٹ کو کاسٹ کیا گیا ہے۔

جہاں فلم ’قائداعظم زندہ باد‘ کی شوٹنگ رواں سال مکمل ہوگئی وہیں فلم ’فیٹ مین‘ شاید اس سال ریلیز نہیں ہوسکے گی۔

فلم کے ہدایت کار نبیل قریشی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اعلان کیا ہے کہ وہ کورونا وائرس کے بڑھتے خوف کے باعث فلم فیٹ مین کی شوٹنگ جاری نہیں رکھ سکیں گے۔

اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’کورونا وائرس کے حوالے سے خوف پھیلا ہوا ہے اسے مدنظر رکھتے ہوئے فلم والا پکچرز نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنی فلم فیٹ مین کی شوٹنگ ملتوی کررہے ہیں‘۔

مزید پڑھیں: احمد علی بٹ پاکستان کے پہلے ’فیٹ مین‘ ہیرو

انہوں نے مزید لکھا کہ ’پم اپنی کاسٹ اور باقی ٹیم کی صحت کے حوالے سے سنجیدہ ہیں، اس وقت ہم سب کو ایک محفوظ دنیا کی دعا کرنی چاہیے‘۔

خیال رہے کہ اداکار احمد علی بٹ نے چند ماہ قبل اس فلم کا پہلا پوسٹر بھی مداحوں کے ساتھ شیئر کیا تھا اور اس فلم میں مرکزی کردار نبھانے پر خوشی کا اظہار بھی کیا تھا۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اور صوبہ سندھ میں مزید 22، پنجاب میں 26 اور بلوچستان میں مزید 6 کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 237 ہوگئی ہے۔

دوسری جانب کورونا وائرس کے باعث پاکستان کے سینما گھروں سمیت تمام تفریحی مقامات کو بند کرنے کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس کے خلاف مسلم ممالک کے اقدامات

خیال رہے کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے نئے نوول کورونا وائرس کو عالمگیر وبا قرار دے دیا ہے کیونکہ یہ وائرس 100 سے زائد ممالک تک پھیل چکا ہے۔

اس وقت کووڈ 19 کا کوئی علاج اور ویکسین دستیاب نہیں تاہم اس کی علامات کا علاج کرکے بیشتر افراد صحت یاب ہوجاتے ہیں، اس سے بچاﺅ کا اچھا ذریعہ ہاتھوں کی صفائی، چہرے کو چھونے سے گریز، بیمار افراد کے قریب جانے سے بچنا ہے جبکہ کھانسی یا چھینکتے ہوئے منہ کو کہنی یا ٹشو سے ڈھانپنا بھی چاہیے۔

یاد رہے کہ کورونا وائرس دسمبر میں سب سے پہلے چین کے شہر ووہان میں پھیلنا شروع ہوا تھا اور اب تک دنیا بھر میں ایک لاکھ 81 ہزار سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہوئے، 7 ہزار سے زائد اموات ہوئیں جبکہ 78 ہزار 85 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں