شہر قائد کے مختلف علاقوں میں تیز اور ہلکی بارش، موسم خوشگوار

اپ ڈیٹ 25 مارچ 2020
متعدد علاقوں میں بارش ہوتے ہی بجلی کی فراہمی کا سلسلہ منقطع ہوگیا—فائل فوٹو: ثوبیہ شاہد
متعدد علاقوں میں بارش ہوتے ہی بجلی کی فراہمی کا سلسلہ منقطع ہوگیا—فائل فوٹو: ثوبیہ شاہد

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے متعدد علاقوں میں کہیں تیز تو کہیں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

حکومت سندھ کی جانب سے کراچی سمیت پورے صوبہ سندھ میں لاک ڈاؤن نافذ ہے جس کی وجہ سے شہریوں کی بڑی تعداد گھروں تک محدود ہے جس کے باعث ٹریفک کے مسائل تو نظر نہیں آئے۔

البتہ بارش کی پہلی بوند پڑتے ہیں تمام احتیاطی تدابیر کو نظر انداز کرتے ہوئے بچوں اور بڑوں سے گھروں سے باہر نکل کر برسات کا لطف اٹھایا۔

دوسری جانب حسب روایت متعدد علاقوں میں بارش ہوتے ہی بجلی کی فراہمی کا سلسلہ منقطع ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں نئے سال کی پہلی بارش، سردی میں اضافہ

خیال رہے محکمہ موسمیات نے پیر سے بدھ کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی تھی۔

اس کے ساتھ تیز برسات کی صورت میں سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں گندم کی فصل کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ بھی ظاہر کیا تھا۔

محکمہ موسمیات نے موسم کی پیش گوئی میں کہا تھا کہ اتوار سے پیر کے دوران کوئٹہ، زیارت، ہرنائی، مستونگ، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، ژوب، بارکھان، کوہلو، پشین، قلات، چاغی، خضدار، لسبیلہ،آوارن، کیچ گودار، پنجگور، لاڑکانہ، سکھر، جیکب آباد، شکار پور، شہید بینظیر آباد، دادو، حیدرآباد اور کراچی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ پیر سے بدھ کے دوران خیبر پختونخوا اور پنجاب کے تمام اضلاع، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔

مزید یہ کہ کشمیر، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مردان، پشاور، اسلام آباد اور راولپنڈی میں پیر کی رات سے منگل تک گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی توقع ہے۔

اس سلسلے میں کے الیکٹرک نے عوام کے لیے انتباہ جاری کردیا ہے جس میں شہریوں کو بارش کے دوران بجلی کی تنصیبات کے پاس نہ جانے اور بجلی آلات استعمال کرنے میں احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ شہر قائد میں آج ہونے والی بارش سال کی دوسری بارش ہے اس سے قبل 13 جنوری کو علی الاصبح بارش ہوئی تھی اور سردی میں اضافہ ہوگیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں