پنجاب میں متعدی بیماریوں پر قابو پانے کیلئے آرڈیننس نافذ

اپ ڈیٹ 30 مارچ 2020
جرمانے کی رقم 50 ہزار روپے تک جبکہ قید کی مدت 2 ماہ سے زیادہ نہیں ہوگی — فائل فوٹو: اے پی
جرمانے کی رقم 50 ہزار روپے تک جبکہ قید کی مدت 2 ماہ سے زیادہ نہیں ہوگی — فائل فوٹو: اے پی

صوبائی حکومت نے پنجاب انفیکشیئس ڈیزیز (پریوینشن اور کنٹرول) آرڈیننس 2020 نافذ کردیا جس کے تحت سول انتظامیہ اور محکمہ صحت قانون کی معاونت سے وبا کو روکنے کے اقدامات کیے جاسکیں گے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق آرڈیننس کے تحت بغیر کسی مناسب جواز کے حکومتی ہدایات پر عمل نہ کرنے والوں پر جرمانہ عائد اور قید کی سزا دی جاسکتی ہے، جرمانے کی رقم 50 ہزار روپے تک جبکہ قید کی مدت 2 ماہ سے زیادہ نہیں ہوگی یا دونوں سزائیں بھی دی جاسکیں گی۔

تاہم اگر کوئی شخص متعدد مرتبہ جرم کا ارتکاب کرے تو اسے 6 ماہ تک کی قید اور ایک لاکھ روپے تک کا جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جاسکیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا متاثرین کی تعداد 1600 سے تجاوز، اموات 19 ہوگئیں

آرڈیننس کے مطابق اس قسم کا جرم اگر کوئی ادارہ کرے گا تو پہلی دفعہ کا جرمانہ 50 ہزار روپے سے کم اور 2 لاکھ روپے سے زائد نہیں ہوگا جبکہ متعدد مرتبہ جرم کے ارتکاب پر جرمانے کی رقم ایک لاکھ روپے سے کم اور 3 لاکھ روپے سے زائد نہ ہوگی یا دونوں سزائیں بھی دی جاسکتی ہیں۔

آرڈیننس کے مطابق ایک فرد جرم کا مرتکب اس وقت قرار پائے گا جب وہ کسی مناسب جواز کے بغیر ہدایات اور احکامات پر عمل یا اس پر عائد پابندی کا احترام نہ کرے، یا نابالغ سے متعلق اس پر عائد فرض کی انجام دہی پر ناکام ہوجائے، یا جواز پوچھے جانے پر غلط یا گمراہ کن معلومات فراہم کرے یا کسی ایسے شخص کی راہ میں رکاوٹ حائل کرے جو اپنا اختیار استعمال کرنے کی کوشش کررہا ہو۔

قرنطینہ کے حوالے سے آرڈیننس میں کہا گیا کہ قرنطینہ کیا گیا کوئی شخص اگر فرار ہونے کی کوشش کرے تو پہلی دفعہ جرم پر اسے 6 ماہ تک کی قید یا 50 ہزار روپے کا جرمانہ یا دونوں سزائیں ہوسکتی ہیں۔

مزید پڑھیں: پابندیوں کی خلاف ورزی پر 88 ایف آئی آر درج، 38 مساجد کے امام زیر حراست

تاہم اگر وہ متعدد مرتبہ جرم کا ارتکاب کرتا ہوا پایا گیا تو 18 ماہ تک کی قید یا ایک لاکھ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں ہوسکتی ہیں۔

آرڈیننس میں کہا گیا کہ پرائمری اور سیکنڈری پیلتھ کیئر ڈپارٹمنٹ کے سیکریٹری وزیراعلیٰ سے مشاورت کے بعد پنجاب کے کسی بھی علاقے میں تمام رجسٹرڈ معالجین اور صحت سہولیات پر ڈیوٹی لگا سکتے ہیں۔

اسی طرح حکومت یا ضرورت پڑنے پر بلدیاتی حکومت کے ایک یا ایک سے زائد سرکاری ملازمین اور افسران کو عوام کو لاحق صحت کے خطرات کو کنٹرول کرنے اور اس کی نگرانی کی ذمہ داری دے سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: بینکوں کو گھر کی دہلیز پر چیک وصول کرنے کی اجازت

آرڈیننس میں کہا گیا کہ یہ ایک خاندان کے سربراہ، طبی ماہر یا کوئی ایسا شخص جسے معلوم ہو کہ اس کے زیر نگرانی فرد کسی متعدی بیماری میں مبتلا ہے، ان سب سمیت ہر شخص کی ذمہ داری ہے کہ اس طرح کے کیسز کے بارے میں فوری طور پر میڈیکل افسر کو آگاہ کرے۔

تبصرے (0) بند ہیں