کراچی میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تدفین کیلئے 5 قبرستان مختص

اپ ڈیٹ 30 مارچ 2020
میئر کراچی وسیم اختر کی زیر سربراہی اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
میئر کراچی وسیم اختر کی زیر سربراہی اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز اور اموات کے پیش نظر کراچی میں وائرس کا شکار ہو کر مرنے والوں کی تدفین کے لیے پانچ قبرستان مختص کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

میئر کراچی وسیم اختر کی سربراہی میں آج کراچی میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تدفین سمیت متعدد اہم معاملات زیر غور آئے۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: کراچی میں مزید 2 افراد کا انتقال، ملک میں مجموعی اموات 21 ہوگئیں

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی شہر کے پانچ قبرستانوں میں تدفین کی جائے گی۔

میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے افراد کی محمد شاہ قبرستان، سرجانی قبرستان، مواچھ گوٹھ قبرستان، کورنگی نمبر 6 اور اورنگی ٹاؤن گلشنِِ ضیا میں تدفین کی جائے گی۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کراچی کے اکثر قبرستان پہلے ہی مکمل طور پر بھر چکے ہیں اور ان میں تدفین کی جگہ نہیں اور ایسے میں محض پانچ قبرستانوں کو کورونا سے مرنے والے کے لیے مختص کیے جانے سے تدفین میں مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں لاک ڈاؤن کے باوجود کورونا کے مقامی منتقلی کے کیسز میں اضافہ

ان کا کہنا تھا کہ وائرس کے پیش نظر تدفین کے لیے آنے والی میت کو حفاظتی انتظامات کے ساتھ لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تدفین کے لیے جنازے کے ساتھ صرف چند قریبی رشتہ دار ہی شامل ہو سکیں گے جبکہ قبرستان میں میت کے آخری دیدار کی اجازت نہیں ہو گی۔

وسیم اختر نے بتایا کہ ریٹائرڈ ملازمین کی پینشن ادا کی جا چکی ہے جبکہ حکومت سندھ سے گرانٹ ملتے ہی کے ایم سی ملازمین کی تنخواہیں کو بھی ادائیگیاں کردی جائیں گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے کے ایم سی کے متعلقہ محکمے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں اور دیگر ضروری محکموں فائر بریگیڈ، ریسکیو یونٹ اور سٹی وارڈنز کو بھی فعال رکھا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: سندھ میں تبلیغی جماعت کے اراکین کی موجودگی پر حکام پریشان

یاد رہے کہ پاکستان سمیت ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور اب تک 1600 سے زائد افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔

ملک بھر میں اب تک 21 افراد وائرس کا شکار ہو کر موت کے منہ میں جا چکے ہیں جبکہ شہروں کی بات کی جائے تو سب سے زیادہ اموات بھی کراچی میں ہوئی ہیں جہاں پانچ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں