گجرات میں 6 ماہ کی بچی اور 4 ڈاکٹرز میں کورونا وائرس کی تشخیص

اپ ڈیٹ 01 اپريل 2020
کورونا وائرس سے گجرات میں 61 افراد متاثر ہوچکے ہیں—فائل فوٹو: اے پی
کورونا وائرس سے گجرات میں 61 افراد متاثر ہوچکے ہیں—فائل فوٹو: اے پی

صوبہ پنجاب کے ضلع گجرات میں ایک شخص کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے تقریباً ایک ہفتے بعد ہی ان کی 6 ماہ کی بیٹی میں وائرس کی تشخیص ہوگئی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق شیرخوار بچی کو گھر میں رکھا جارہا ہے جبکہ اس کی والدہ کی بھی اسکرینگ کی جائے گی۔

واضح رہے کہ پیر کو صرف گجرات میں کل 428 افراد میں کم از کم 317 مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں جبکہ 61 افراد کے نتائج مثبت آئے تھے۔

مزید پڑھیں: گجرات میں ایک شخص سے 27 افراد 'کورونا وائرس' سے متاثر

علاوہ ازیں منگل کو بھی محکمہ صحت نے 55 افراد کے مزید ٹیسٹ کیے جبکہ تقریباً 100 افراد کے نتائج آنا ابھی باقی ہے۔

ادھر 4 ڈاکٹرز جس میں عزیز بھٹی شہید ٹیچنگ ہسپتال (اے بی ایس ٹی ایچ) سے تعلق رکھنے والے 2 ڈاکٹرز سمیت ایک میڈیکل جوڑا شامل ہے ان میں کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا، اس سے قبل کچھ روز پہلے اسی ہسپتال کے ایک سینئر ڈاکٹر کے نتائج مثبت آئے تھے۔

بعد ازاں مقامی انتظامیہ نے ان ڈاکٹرز کی نجی کلینکس سیل کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور انہیں آئیسولیشن میں بھیج دیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق میاں اور بیوی ڈاکٹر شہر میں ایک نجی ہسپتال چلا رہے تھے اور وہ کچھ دن پہلے ہی تبلیغی جماعت کے ایک گروپ کے ساتھ تبلیغ کے مشن سے واپس آئے تھے۔

علاوہ ازیں مذکورہ ڈاکٹر بخار اور دیگر علامات ہونے کے باوجود نماز جمعہ کے لیے مسجد گئے تھے، جہاں کچھ مقامی لوگوں نے انتظامیہ کو ان کے بارے میں آگاہ کیا۔

جس کے بعد محکمہ صحت کی انتظامیہ نے ڈاکٹر کا ٹیسٹ لیا اور اس کے بعد پیر کو ان کے اور ان کی اہلیہ کے نتائج مثبت آئے۔

دریں اثنا بھمبر روڈ کے ساتھ ایک بڑی اشیائے ضروریات کی دکان کے 27 سالہ اسٹاف ممبر کا بھی کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ضلع گجرات میں کورونا وائرس سے متاثرہ شخص نے مبینہ طور پر دیگر 27 افراد کو متاثر کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: تبلیغی جماعت کے اراکین کی موجودگی پر حکام پریشان

اس بارے میں ایک عہدیدار نے ڈان کو بتایا تھا کہ 27 نئے کیسز کے بعد گجرات میں تعداد 51 تک پہنچ گئی۔

ابتدائی طور پر انہوں نے بتایا تھا کہ ضلع (سرائے عالمگیر، ڈنگا اور شادیوال) میں 4 مریضوں کے نتائج مثبت آئے اور سب کی بیرون ملک کی تفصیلات تھیں۔

عہدیدار نے بتایا تھا کہ صحت کے حکام اس وقت پریشان ہوئے جب انہیں معلوم ہوا کہ ان 4 مریضوں میں سے ایک نے کم از کم 40 افراد سے رابطہ کیا تھا۔

مزید یہ کہ ان کا کہنا تھا کہ حکام نے ان افراد کے نمونے ٹیسٹ کے لیے بھیجے جس میں سے 27 کورونا وائرس کے متاثرہ افراد نکلے، جس کے بعد تمام افراد کو یا تو گھر یا قریبی ہسپتال میں آئیسولیٹ کیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں