دنیا بھر میں نئے نوول کورونا وائرس سے تحفظ کے لیے سماجی دوری پر زور دیا جارہا ہے، جس میں لوگوں کے درمیان کئی فٹ کا فاصلہ رکھنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔

نیویارک میں ایک خاتون کو غیر ارادی قتل کی دفعہ کے تحت حراست میں لیا گیا ہے کیونکہ ایک 86 سالہ خاتون اس کے دھکے سے مرگئی تھی۔

نیویارک ٹائمز کے مطابق یہ واقعہ ایک ہسپتال میں پیش آیا جہاں 32 سالہ کیسنڈرا لیونڈی نے 86 سالہ خاتون کو اس لیے زور سے دھکا دیا کیونکہ وہ اس کے بہت قریب آگئی تھی۔

28 مارچ کو ان دونوں خواتین کا علاج ووڈ ہول ہاسپٹل سینٹر میں ہورہا تھا اور یہاں یہ واضح رہے کہ دونوں میں کورونا وائرس نہیں تھا بلکہ معمر خاتون ڈیمینشیا کی شکار تھیں اور کیسنڈرا کے قریب سے گزرتے ہوئے توازن بگڑنے پر اس کے آئی وی پوپل کو تھام لیا۔

اس پر کیسنڈرا نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معمر خاتون نے کورونا وائرس کے سماجی دوری کے اصول کی خلاف ورزی کی ہے اور اسے زور سے دھکا دیا، جس سے سر فرش سے ٹکرایا اور 3 گھنٹے میں وہ چل بسیں۔

پولیس نے اس واقعے کے بعد پہلے کیسنڈرا برے رویے کا الزام عائد کای مگر پھر طبی ماہرین کی رائے کے بعد اسے قتل غیرعمد میں تبدیل کردیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ آخر کوئی کسی 86 سالہ خاتون کے ساتھ ایسا کیسے کرسکتا ہے، ہم نیویارک کے شہریوں کے خوف کو سمجھ سکتے ہیں اور یہ تصور ٹھیک ہے کہ آپ کو اپنا خیال خود رکھنا ہے، مگر ایک معمر خاتون پر حملہ؟ یہ قابل قبول نہیں۔

جس ہسپتال میں یہ واقعہ پیش آیا، اس کی جانب سے جاری بیان میں اس پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

ملزمہ کی جانب سے فی الحال اس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

خیال رہے کہ امریکا میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد ساڑھے 4 لاکھ سے زائد ہوچکی ہے، جبکہ 16 ہزار ہلاکتیں اور 24 ہزار سے زائد صحتیاب ہوچکے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں