شمالی وزیرستان: چیک پوسٹ پر حملہ، 5دہشتگرد ہلاک، ایک سپاہی شہید

شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ سے دس کلومیٹر دور دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔  فائل فوٹو:ڈان
شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ سے دس کلومیٹر دور دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔ فائل فوٹو:ڈان

شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ سے 10 کلومیٹر دور ایک سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملے میں پاک فوج کا ایک سپاہی شہید ہوگیا جبکہ جوابی کارروائی میں 5 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ میران شاہ میں ہونے والے حملے میں سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی کے دوران پانچ دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق حملے میں پاک فوج کا ایک حوالدار شہید جبکہ 3 جوان زخمی ہوگئے، شہید حوالدار اکبر حسین خان کی عمر 43 سال اور تعلق ضلع باغ کے علاقہ دھیرکوٹ سے تھا جبکہ انہوں نے پسماندگان میں بیوہ، دو بیٹے اور دو بیٹیاں چھوڑی ہیں۔

قبل ازیں ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد نے بویا چیک پوائنٹ پر بھاری اسلحے کے ساتھ حملہ کیا، فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار اکبر شہید جبکہ اس کے 3 ساتھی زخمی ہوگئے۔

مزید پڑھیں: شمالی وزیرستان: سیکیورٹی چیک پوسٹ پر فائرنگ سے 5 اہلکار زخمی، پاک فوج

حوالدار اکبر حسین خان۔ فوٹو: آئی ایس پی آر
حوالدار اکبر حسین خان۔ فوٹو: آئی ایس پی آر

رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ زخمی سپاہیوں کی شناخت سعید، یاسر اور شفقت کے نام سے ہوئی۔

حملے میں شہید حوالدار اور دیگر زخمی اہلکاروں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے میران شاہ کے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ’بویا واقعے کے تانے بانے گزشتہ ماہ چیک پوسٹ حملے سے ملتے ہیں‘

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے 14 اپریل کو بھی شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک فوجی اہلکار شہید ہوگیا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی نقل و حمل کو دیکھا اور کوئیک ری ایکشن فورس نے جیسے ہی علاقے کا محاصرہ کیا دہشت گردوں نے فائرنگ کردی تھی۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے خیبر سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ لانس نائیک ارشاد خان نے جام شہادت نوش کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز سے شمالی وزیرستان میں ایک بار پھر دہشت گردوں کی نقل و حمل دیکھی جارہی ہے۔

11 اپریل کو شمالی وزیرستان میں تحصیل میر علی کے قریب فائرنگ کے تبادلے میں 2 سیکیورٹی اہلکار شہید جبکہ 7 عسکریت پسند ہلاک ہوئے تھے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ذکرخیل کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز اور ایک دہشت گرد گروہ کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

اس حوالے ایک عہدیدار نے بتایا کہ 3 سے 4 عسکریت پسند زخمی بھی ہوئے ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ فائرنگ اس وقت شروع ہوئی جب سیکیورٹی فورسز علاقے میں پیٹرولنگ کر رہی تھیں۔

8 اپریل کو بھی سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع شمالی وزیرستان اور مہمند میں کارروائی کرکے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے 24گھنٹوں کے دوران شمالی وزیرستان اور مہمند میں خفیہ اطلاعات پر دو الگ الگ آپریشنز کیے۔

اس سے قبل 18 مارچ کو خیبر پختونخوا کے علاقے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے ایک افسر سمیت 4 جوان شہید ہوگئے جبکہ 7 دہشت گردوں کو بھی مار دیا گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں