’دیریلیش ارطغرل‘ کی پہلی قسط نے ہی دھوم مچادی

اپ ڈیٹ 26 اپريل 2020
کرداروں کی ڈریسنگ بھی 13 ویں صدی کے طرز پر بنائی گئی ہے—اسکرین شاٹ
کرداروں کی ڈریسنگ بھی 13 ویں صدی کے طرز پر بنائی گئی ہے—اسکرین شاٹ

پاکستان کے لاکھوں ڈراما شائقین کا طویل انتظار ختم ہوگیا اور ترکی کا شہرہ آفاق اسلامی فتوحات پر مبنی ڈرامے ’دیریلیش ارطغرل‘ جسے ارطغرل غازی بھی کہا جاتا ہے، اسے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر نشر کردیا گیا۔

اس ڈرامے کو یکم رمضان المبارک سے پی ٹی وی پر نشر کیا گیا اور اس کی پہلی قسط کو رات 8 بجے سے قبل نشر کیا گیا تھا۔

’دیریلیش ارطغرل‘ کو پی ٹی وی پر شہروں اور گاؤں کے لاکھوں صارفین نے دیکھا جب کہ حیران کن طور پر مذکورہ ڈرامے کو پی ٹی وی کے یوٹیوب چینل پر بھی اب تک 30 لاکھ سے زائد لوگ دیکھ چکے ہیں۔

’دیریلیش ارطغرل‘ کو نشر کرنے سے جہاں لاکھوں ڈراما شائقین کا انتظار ختم ہوا، وہیں پی ٹی وی کی مقبولیت میں بھی اضافہ ہوا ہے اور پی ٹی وی کے یوٹیوب چینل کو ایک ہی دن میں 40 ہزار نئے صارفین نے سبسکرائب کیا۔

یہ بھی پڑھیں: مسلمانوں کی فتوحات پر مبنی ڈراما ’دیریلیش ارطغرل‘ پی ٹی وی پر نشر ہوگا

پی ٹی وی نے ’دیریلیش ارطغرل‘ کی پہلی قسط کو ٹی وی پر نشر کیے جانے کے بعد اسے یوٹیوب چینل پر بھی جاری کیا، جہاں اسے ایک ہی دن میں 30 افراد نے دیکھا۔

’دیریلیش ارطغرل‘ کو پی ٹی وی پر نشر کیے جانے کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے بھی خصوصی پیغام جاری کیا اور انہوں نے ترک ڈرامے کو نہ صرف اسلامی بلکہ پاکستانی ثقافت و تاریخ کے بھی قریب قرار دیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے اپنی خصوصی ویڈیو میں ’دیریلیش ارطغرل‘ کو نشر کیے جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ لازم ہوگیا تھا کہ اسلامی فتوحات کی تاریخ پر مبنی ڈرامے کو پی ٹی وی پر نشر کیا جائے تاکہ پاکستان کی نئی نسل اپنی تاریخ سے وابستہ ہو۔

مزید پڑھیں: ’دیریلیش ارطغرل‘ یکم رمضان سے پی ٹی وی پر نشر ہوگا

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی نئی نسل ہولی وڈ سے لے کر بولی وڈ اور پھر بولی وڈ کی عریانیت میں پھنس چکی تھی، اس لیے ’دیریلیش ارطغرل‘ جیسے ڈراموں کو نشر کرنا اچھی بات ہے۔

وزیر اعظم کے مطابق 40 سال قبل تک بولی وڈ میں اس قدر عریانیت نہیں تھی جتنی عریانت آج دیکھی جا رہی ہے۔

ڈرامے میں ارطغرل کی ازدواجی زندگی بھی دکھائی گئی ہے—اسکرین شاٹ
ڈرامے میں ارطغرل کی ازدواجی زندگی بھی دکھائی گئی ہے—اسکرین شاٹ

وزیر اعظم کے علاوہ بھی کئی اہم شخصیات نے ’دیریلیش ارطغرل‘ کو پی ٹی وی پر نشر کرنے کے موقع پر اپنے جذبات کا اظہار کیا اور ٹوئٹر پر 25 اپریل کو ’ارطغرل ان اردو‘ کا ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ میں بھی آگیا۔

خیال رہے کہ مذکورہ ڈرامے کو ترکی کا ’گیم آف تھرونز‘ بھی کہا جاتا ہے اور اس ڈرامے کو 13 ویں صدی میں اسلامی فتوحات کے حوالے سے انتہائی اہمیت حاصل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: انٹرنیٹ و کیبل کی بندش کے باوجود کشمیر میں ’دیریلیش ارطغرل‘ دیکھا جانے لگا

’دیریلیش ارطغرل‘ ڈرامے کی کہانی 13 ویں صدی میں ’سلطنت عثمانیہ‘ کے قیام سے قبل کی کہانی ہے اور اس ڈرامے کی مرکزی کہانی ’ارطغرل‘ نامی بہادر مسلمان سپہ سالار کے گرد گھومتی ہے جنہیں ’ارطغرل غازی‘ بھی کہا جاتا ہے۔

پہلی قسط نے لوگوں کے دل جیت لیے—اسکرین شاٹ
پہلی قسط نے لوگوں کے دل جیت لیے—اسکرین شاٹ

ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح 13 ویں صدی میں ترک سپہ سالار ارطغرل نے منگولوں، صلیبیوں اور ظالموں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور کس طرح اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا۔

ڈرامے میں سلطنت عثمانیہ سے قبل کی ارطغرل کی حکمرانی، بہادری اور محبت کو دکھایا گیا ہے۔

یہ ڈراما پاکستان میں اردو زبان میں پیش کیے جانے سے قبل ہی دنیا کے 60 ممالک میں مختلف زبانوں میں نشر کیا جا چکا ہے۔

یہ ڈراما پانچ سیزن اور مجموعی طور پر 179 قسطوں پر مبنی ہے، اس ڈرامے کو ابتدائی طور پر 2014 میں ٹی آر ٹی پر نشر کیا گیا تھا اور اب یہ ڈراما ’نیٹ فلیکس‘ سمیت دیگر آن لائن اسٹریمنگ چینلز پر موجود ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں