آزاد کشمیر میں 2 صحافیوں میں کورونا وائرس کی تصدیق

اپ ڈیٹ 26 اپريل 2020
ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی کے مطابق مظفر آباد میں نجی ٹی وی چینل کے رپورٹر اور ڈاکٹر میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آٰیا — فائل فوٹو: اے ایف پی
ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی کے مطابق مظفر آباد میں نجی ٹی وی چینل کے رپورٹر اور ڈاکٹر میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آٰیا — فائل فوٹو: اے ایف پی

مظفر آباد: آزاد کشمیر کی کابینہ کے رکن نے بتایا ہے کہ 2 صحافیوں اور وزارت صحت کے عہدیداران میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد خطے میں عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 59 ہوگئی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق آزاد کشمیر حکومت کے ترجمان اور وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی نے ڈان کو بتایا کہ مظفر آباد میں نجی ٹی وی چینل کے رپورٹر اور ڈاکٹر میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آٰیا۔

انہوں نے بتایا کہ وزارت صحت کے عملے کے 2 افراد میں بھی وائرس کی تصدیق ہوئی۔

گزشتہ ہفتے آزاد کشمیر کے وزیر صحت کے ڈرائیور میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا تھا۔

مزید پڑھیں: 'کورونا وائرس کے سب سے کم کیسز آزاد کشمیر میں سامنے آئے'

2 روز قبل وزیر صحت نے ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ ان کا اور ان کے اہلِ خانہ کا ٹیسٹ منفی آٰیا۔

ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی نے کہا کہ مظفر آباد میں 4 نئے کیسز کے بعد دارالحکومت میں متاثرہ افراد کی تعداد 59 ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ 59 میں 32 افراد صحت یاب ہوچکے تھے جن میں سے 3 گزشتہ روز صحت یاب ہوئے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز آزاد کشمیر میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد پہلا دن تھا اور خریداروں کی بڑی تعداد بازاروں میں دیکھی گئی جس پر سول سوسائٹٰی کے کارکنوں اور طبی ماہرین نے وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سخت اقدامات کا مطالبہ کیا۔

ایک ماہر تعلیم رابعہ حسن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر شیئر کیا کہ ساری مارکیٹیں کھولنے اور لوگوں کو بغیر احتیاطی تدابیر سفر کرنے کی اجازت دینے کی کیا منطق ہے؟ حکومت کو نرمی کے فیصلے پر غور کرنا چاہیے۔

ڈپٹی کمشنر مظفرآباد بدر منیر نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ انہوں نے شہر کی مختلف مارکیٹس کا دورہ کیا تھا، جہاں ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والی 2 دکانوں کو بند کردیا گیا اور دیگر کئی کو وارننگ دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں کورونا کے 2 نئے کیسز کا اضافہ، مجموعی تعداد 11 ہوگئی

انہوں نے کہا تھا کہ یہ تاجروں کے لیے ٹیسٹ کیس ہے اگر وہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرتے ہیں تو ایک ماہ تک لاک ڈاؤن میں نرمی رہے گی ورنہ حکومت کے پاس اس فیصلے سے دستبردار ہونے کے علاوہ کوئی چوائس نہیں ہوگی۔

ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر نے مارکیٹ میں غیر ضروری ہجوم پر پابندی عائد کی ہوئی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں