وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ صوبے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد مقررہ شرح سے بڑھتی ہے تو دوبارہ مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ کریں گے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن سندھ حکومت کی مجبوری ہے کیونکہ لوگوں کی جانوں کی حفاظت حکومت کی ترجیح ہے، اگر جان ہے تو جہان ہے جبکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے تحت وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے کیے جانے والے فیصلے عوام کے وسیع تر مفاد کے لیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم وفاقی حکومت کے فیصلوں کے ساتھ ہیں اور ان کا احترام بھی کرتے ہیں تاہم حکومت سندھ کورونا کے حوالے سے حالات دیکھ کر ہی لاک ڈاؤن میں سختی یا نرمی کا فیصلہ کرتی ہے اور وہ جو بھی فیصلہ کرتی ہے وہ لوگوں کی بہتری اور جانوں کی حفاظت کے لیے کرتی ہے۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ میں لاک ڈاؤن کے مکمل خاتمے کا تاثر غلط ہے، اگر صوبے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد مقررہ شرح سے بڑھتی ہے تو ہوسکتا ہے کہ حکومت کو دوبارہ مکمل لاک ڈاؤن کرنے کے اقدامات کرنے پڑیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں