قوم اس مرتبہ روایت سے ہٹ کر عیدالفطر کی خوشیاں منائے، وزیر اعظم

اپ ڈیٹ 24 مئ 2020
وزیر اعظم نے طیارہ حادثے اور کورونا سے مرنے والوں کے لیے دعا کی بھی درخواست کی— فائل فوٹو بشکریہ ریڈیو پاکستان
وزیر اعظم نے طیارہ حادثے اور کورونا سے مرنے والوں کے لیے دعا کی بھی درخواست کی— فائل فوٹو بشکریہ ریڈیو پاکستان

وزیر اعظم عمران خان نے قوم کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں چاہتا ہوں کہ اس مرتبہ قوم روایت سے ہٹ کر عیدالفطر کی خوشیاں منائے۔

چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے پاکستان میں شوال کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا اور پورے ملک میں عیدالفطر اتوار کو منائی جائے گی۔

سماجی رابطوں کی ویب ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ اس مرتبہ قوم روایت سے ہٹ کر عید الفطر کی خوشیاں منائے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں سب سے پہلے ان خاندانوں کے لیے دعا کرنی چاہیے جن کے پیارے ہوائی جہاز کے سانحے میں ان سے بچھڑ گئے یا کورونا کی وبا کے نتیجے میں ان سے جدا ہوگئے۔

واضح رہے کہ خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی ایئرپورٹ کے قریب ماڈل کالونی میں پی آئی اے کا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا جس میں 91 مسافر اور عملے کے 8 افراد سوار تھے جن میں سے 97 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 2 افراد محفوظ رہے جو ہسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔

اس کے علاوہ ملک بھر میں کورونا وائرس سے اب تک 53ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ وائرس کا شاکر ہو کر ایک ہزار 123 جاں بحق ہو چکے ہیں۔

وزیر اعظم نے قوم کے نام اپنے پیغام میں مزید کہا کہ ہم میں سے ہر کوئی کورونا کی وبا کے حوالے سے متعارف کردہ خصوصی تدابیر یعنی ایس او پیز کا بھرپور خیال اور لحاظ رکھے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ یہ مرض ہمارے درمیان موجود ہے لہٰذا نماز عید کی ادائیگی سمیت پوری چھٹیوں کے دوران سماجی فاصلوں کا بطور خاص اہتمام کیا جائے۔

عوام عید سادگی سے منائیں، بلاول

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی عوام سے کورونا وائرس اور پی آئی اے طیارہ حادثے کے پیش نظر سادگی سے عید منانے کی اپیل کی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمان ایک ایسے وقت میں عید منا رہے ہیں جب کورونا کی خطرناک وبا پھیلی ہوئی ہے جبکہ حال ہی میں طیارہ حادثہ بھی ہوا ہے، لہٰذا ہم اپیل کرتے ہیں کہ عوام اس سال عید سادگی سے منائیں.

انہوں نے کہا کہ اپنا تحفظ کرکے نہ صرف ہم اپنی بلکہ دوسروں کی جان بھی بچاسکتے ہیں بلکہ ایسا کرنے سے ہمارے نظامِ صحت پر اتنا ہی بوجھ آئے گا کہ جتنا وہ اٹھا سکے۔

بلاول کا کہنا تھا کہ سعودی عرب، ایران، متحدہ عرب امارات اور ترکی نے اپنے شہریوں کو عید کی نماز کی گھر پر ادائیگی اور عید کا دن گھروں پر منانے کا پابند کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں اپیل کرتا ہوں کہ یہ عید اپنے ڈاکٹروں، نرسوں، ہیروز اور اپنے شہدا کے نام کریں۔

ملک بھر میں ایک ہی دن عید منائی جارہی ہے، شبلی فراز

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے قوم کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک منفرد موقع ہے کہ ملک بھر میں ایک ہی دن عید منائی جارہی ہے اور وزیر اعظم عمران خان کی متحرک قیادت میں پاکستان اتحاد اور خوشحالی کی منزل کی جانب گامزن ہے۔

اس موقع پر انہوں نے بھی قوم کے نام پیغام میں کہا کہ اس خوشی کے لمحے میں عید مناتے ہوئے ان غمزدہ خاندانوں کو نہ بھولیں جنہوں نے گزشتہ روز طیارے کے حادثے میں اپنے پیاروں کو کھودیا۔

عوام سادگی سے گھروں میں عید منائیں، فاروق ستار

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سابق رہنما فاروق ستار نے بھی ملک سے آفات اور پریشانیوں کے خاتمے کی دعا کرتے ہوئے قوم سے سادگی کے ساتھ گھروں میں رہ کر عید منانے کی اپیل کی۔

عیدالفطر رمضان المبارک کے مقدس مہینے کا آرام ہے، مسلم لیگ (ن)

مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور صدر شہباز شریف نے بھی قوم کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عید الفطر اللہ تعالی کی طرف سے رمضان المبارک کے مقدس مہینے کا انعام ہے۔

دونوں رہنماؤں نے کہا کہ تمام مقبوضہ علاقوں، کشمیر اور فلسطین کے عوام سے یکجہتی کرتے ہیں اور اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ جلد ہمارے ان بھائیوں بہنوں کو آزادی کی نعمت سے سرفراز فرمائے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں