کورونا وائرس: سندھ میں مزید 846 کیسز، 13 اموات رپورٹ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عوام کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی— فائل فوٹو: ڈان نیوز
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عوام کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی— فائل فوٹو: ڈان نیوز

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عوام کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی اور ساتھ ہی صوبے میں کورونا وائرس کی صورتحال کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ وائرس سے متاثرہ مزید 13 افراد جاں بحق ہوگئے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ایک جاری بیان میں بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مجموعی طور پر 3547 ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے 846 کورونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آئے اور اس طرح یہ تناسب 24 فیصد رہا۔

انہوں نے آگاہ کیا کہ 24 فیصد کیسز کا مثبت آنا اب تک کی بڑی شرح ہے اور ساتھ ہی کہا کہ کیسز کا بڑھنا ہماری بے احتیاطی کا نتیجہ ہے۔

خیال رہے کہ نئے 846 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 22 ہزار 491 ہوگئی ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 54 ہزار 620، اموات 1138 ہوگئیں

ان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 13 مزید مریض انتقال کرگئے جس کے بعد صوبے میں وائرس سے متاثر ہو کر موت کے منہ میں جانے والوں کی تعداد 367 تک پہنچ چکی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے مزید بتایا کہ 156 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، 34 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں جبکہ مزید 146 مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو چلے گئے ہیں، اس طرح صوبے میں زیر علاج مریضوں کی تعداد اس وقت 22491 ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 157449 ٹیسٹ ابھی تک کئے گئے ہیں جس میں سے 22491 کیسز سامنے آئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے مزید بتایا کہ 846 نئے کیسز میں سے کراچی سے 703 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

اس حوالے سے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضلع شرقی میں 178 کیسز، ضلع جنوبی 148، ضلع وسطی 114، ضلع غربی 111، ضلع کورنگی 78 اور ضلع ملیر میں 74 کیسز سامنے آئے ہیں۔

اس کے علاوہ لاڑکانہ میں 24، گھوٹکی 12، ٹنڈوالہیار 10، حیدرآباد سے 9 کیسز، سانگھڑ میں 8، قمبر شہدادکوٹ 7، جیکب آباد 7، ٹھٹہ 4 کیسز، بدین 2، جامشورو 2، میرپورخاص ایک اور ٹنڈومحمد خان ایک کیس سامنے آیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایس او پیز پر عمل کریں، ایسا نہ ہو حکومت کو دوبارہ سختی کرنا پڑے، وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آج عید کا دن ہے، میں رپورٹ جاری نہیں کرنا چاہتا تھا لیکن رپورٹ جاری کرنے کا مقصد عوام کو صورتحال سے آگاہ کرنا ہے تاکہ احتیاط ہوسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو مریض انتقال کر گئے ہیں میں ان کے اہلخانہ کے دکھ میں برابر کا شریک ہوں جبکہ جو مریض زیر علاج ہیں ان کی صحت کے لیے دعاگو ہوں۔

انہوں نے کہا کہ طیارہ حادثہ میں شہید ہونے والے خاندانوں کے غم میں تہنیتی سے ساتھ ہوں جبکہ جو لوگ طیارہ حادثہ میں بے گھر ہوئے ہیں مجھے ان کے تکلیف کا احساس بھی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ اللہ پاک ہم سب پر رحم فرمائے اور ان تکالیف سے نجات دلائے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں