یوم تکبیر: پاکستان کو ایٹمی طاقت بنے 22 برس ہوگئے

اپ ڈیٹ 28 مئ 2020
28 مئی 1998 کو پاکستان نے چاغی میں دھماکوں کے ذریعے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کا جواب دیا تھا — فائل فوٹو/ ریڈیو پاکستان
28 مئی 1998 کو پاکستان نے چاغی میں دھماکوں کے ذریعے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کا جواب دیا تھا — فائل فوٹو/ ریڈیو پاکستان

پاکستان میں آج (28 مئی) کو یوم تکبیر منایا جارہا ہے، جب 22 برس قبل اسی روز پاکستان نے بھارتی ایٹمی دھماکوں کے جواب میں اپنی جوہری طاقت کا مظاہرہ کیا تھا۔

22 برس قبل، 28 مئی 1998 کو پاکستان نے بلوچستان کے علاقے چاغی میں دھماکوں کے ذریعے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کا جواب دیا تھا۔

ان ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان نے مسلم دنیا کی پہلی اور دنیا کی 7ویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور اسی دن کو 'یوم تکبیر' کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔

ایٹمی دھماکوں کے بعد 1999 میں بھارت اور پاکستان کے درمیان کارگل جنگ بھی ہوئی، جس کی وجہ سے یوم تکبیر بہت زیادہ جوش و خروش سے منایا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: یوم تکبیر: پاکستان کو ایٹمی طاقت بنے 17سال مکمل

تاہم اکتوبر 1999 میں نواز شریف کی حکومت کا خاتمہ ہوا اور ملک میں جنرل پرویز مشرف کی فوجی حکومت آگئی تھی، جس کے بعد یوم تکبیر اس جوش و جذبے سے نہیں منایا جا سکا۔

دوسری جانب بولٹن آف اٹامک سائنٹسٹ نامی ادارے نے بتایا تھا کہ پاکستان کے ایٹمی ہتھیاروں کی تعداد پڑوسی ملک بھارت کے مقابلے میں زیادہ ہے۔

پاکستان اور ہندوستان، دونوں نے ہی پہلی مرتبہ 1998 میں 3، 3 ہفتوں کے وقفے سے ایٹمی ہتھیاروں کے تجربات کیے تھے۔

2014 ایٹمی مواد کو لاحق خطرات کی سیکیورٹی کے لیے اقدامات کے حوالے سے انڈیکس میں پاکستان کا درجہ بھارت سے بھی بہتر تھا۔

اسی برس کے این ٹی آئی انڈیکس میں 9 ایٹمی مسلح قوتوں میں سے زیادہ تر کا درجہ وہی ہے، اس میں صرف ایک پوائنٹ کی کمی بیشی ہوئی جبکہ 2012 کے مقابلے میں پاکستان کے ایٹمی مواد کی سیکیورٹی کے حوالے سے 3 درجے بہتری آئی، جو کسی بھی ایٹمی ملک کی بہتری میں سب سے زیادہ ہے۔

پاکستان کے جوہری پروگرام کے خالق اور ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے مطابق پاکستان کا جوہری پروگرام امریکا اور برطانیہ سے زیادہ محفوظ ہے۔

ایٹمی قوت پاکستان کے تحفظ و سلامتی کی ضامن ہے، شبلی فراز

یوم تکبیر کے حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ آج کے دن پاکستان کو اسلامی دنیا کی واحد ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ ہماری ایٹمی قوت پاکستان اور اس کے عوام کے تحفظ و سلامتی کی ضامن ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ قومی وقار اور سالمیت ہمارے لیے سب سے مقدم ہے، قوم ملک کے دفاع اور ترقی کے لیے ایک ہے۔

ہماری قومی سلامتی کیلئے جوہری صلاحیت ناگزیر ہے، شہباز شریف

علاوہ ازیں ‏‎پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یوم تکبیر کے تاریخی دن پاکستان اسلامی دنیا کی پہلی جوہری قوت بن کر ابھرا۔

یہ بھی پڑھیں: یوم تکبیر: 28 مئی جوہری ہتھیاروں سے متعلق پاکستانی تاریخ کا اہم دن

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف نے خطرات اور دھمکیوں کی پرواہ کیے بغیر اور قائدانہ صلاحیتوں کا بے مثال مظاہرہ کرتے ہوئے فیصلہ کن انداز میں پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری قومی سلامتی کے لیے جوہری صلاحیت ناگزیر ہے۔

22 سال پہلے ایک فیصلے نے پاکستان کو دنیا میں باعزت مقام دلایا، احسن اقبال

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے بھی یوم تکبیر پر قوم کو مبارکباد دی۔

اس حوالے سے جاری بیان میں احسن اقبال نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں آج پاکستان نے اپنی خودمختاری، آزادی کا پہرہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ 22 سال پہلے ایک فیصلے نے پاکستان کو پوری دنیا میں باعزت مقام دلایا، نوازشریف نے دنیا کو بتایا کہ ہم پابندیاں برداشت کرلیں گے لیکن غلامی قبول نہیں کریں گے۔

احسن اقبال نے کہا کہ جوہری پروگرام کا آغاز، ترقی اور انتہا تک پہنچانے والے ہر فرد کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔

پاک فوج کا خراج تحسین

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے یوم تکبیر کے موقع پر سائنسدانوں اور انجینئروں کو سلام پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ’28 مئی 1998 کو پاکستان نے محدود جوہری صلاحیت سے خطے میں کامیابی کے ساتھ طاقت کا توازن بحال کیا‘۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ اے ایف ان تمام لوگوں خاص طور پر سائنسدانوں اور انجینئروں کو سلام پیش کرتا ہے جنہوں نے تصورات کو حقیقی روپ دیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں