پاکستان سے بین الاقوامی فلائٹ آپریشن آج رات سے بحال

اپ ڈیٹ 29 مئ 2020
عبدالستار کھوکھر نے مزید کہا کہ تمام معیاری طریقہ کار پر عمل کرنا ہوگا — فائل فوٹو: اے ایف پی
عبدالستار کھوکھر نے مزید کہا کہ تمام معیاری طریقہ کار پر عمل کرنا ہوگا — فائل فوٹو: اے ایف پی

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے مطابق وفاقی حکومت نے پاکستان سے بین الاقوامی فلائٹ آپریشن آج رات 12 بجے سے بحال کردیا۔

سی اے اے کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق گوادر اور تربت کے سوا ملک بھر کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں سے آؤٹ باؤنڈ فلائٹ آپریشن کی اجازت ہوگی۔

واضح رہے کہ آؤٹ باؤنڈ فلائٹس آپریشن سے مراد یہ ہے کہ پاکستان سے دیگر ممالک پرواز کرنے والی تمام ایئر لائنز واپسی پر مسافروں کو ساتھ نہیں لا سکیں گی۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان عبد الستار کھوکھر نے بتایا کہ آؤٹ باؤنڈ فلائٹ آپریشن آج رات 12 بجے سے دوبارہ شروع ہوگا۔

مزید پڑھیں: اندرون ملک فلائٹ آپریشن کی بندش میں 29 مئی تک توسیع

انہوں نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے ساتھ دیگر غیر ملکی ایئر لائنز کو بھی دوبارہ کام شروع کرنے کی اجازت ہوگی۔

عبدالستار کھوکھر نے مزید کہا کہ ایئر لائنز کو تمام معیاری طریقہ کار (ایس او پیز) پر عمل کرنا ہوگا۔

واضح رہے کہ سول ایوی ایشن نے 25 مارچ کو کورونا وائرس کے پیش نظر اندرون اور بیرون ملک فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کردیا تھا۔

حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ تمام ایئرلائن آپریٹرز سے مشاورت کے بعد کیا گیا تھا۔

بعد ازاں مختلف مراحل میں حکومت نے ملکی و غیر ملکی پروازوں کی بندش میں توسیع کے اعلانات کیے۔

وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے بین الاقوامی پروازوں کی آمد و رفت پر پابندی میں 15 مئی تک توسیع کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: اندرونِ ملک پروازوں کا محدود آپریشن بحال ہونے کا امکان

اس سے قبل وفاقی حکومت نے 18 اپریل کو ملکی و غیر ملکی پروازوں کی بندش میں 30 اپریل تک توسیع کا اعلان کیا تھا۔

علاوہ ازیں سی اے اے نے اندرون ملک پروازوں پر پابندی کے فیصلے میں 29 مئی تک توسیع کی تھی۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں لاکھوں افراد کو متاثر اور ہلاک کرنے والے مہلک کورونا وائرس کے کیسز پاکستان میں دن بدن بڑھتے جارہے ہیں

ملک میں اس مہلک وبا کو روکنے کے لیے حکومتی سطح پر پابندیاں اور جزوی لاک ڈاؤن نافذ کیے گئے تاہم اس کے باوجود اس وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے۔

دنیا بھر میں پھیلے کورونا وائرس سے جہاں لاکھوں لوگ متاثر و ہلاک ہوئے ہیں وہی اب یہ وبا پاکستان میں اپنے پنجے گاڑ رہی ہے اور اب تک یہاں 64 ہزار 520 متاثر جبکہ 1346 لوگ موت کا شکار ہوچکے ہیں۔

مزید پڑھیں: حکومت نے بین الاقوامی پروازوں کی بندش میں 15 مئی تک توسیع کردی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آج ابھی تک ملک میں کورونا وبا کے 1831 مریض سامنے آئے جبکہ 63 اموات ہوئیں، تاہم 2 ہزار سے زائد لوگ صحتیاب بھی ہوگئے۔

26 فروری کو ملک میں کورونا وبا کے پہلے کیس کے سامنے آتے ہیں مختلف طرح کی پابندیاں اور لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا جو بعد ازاں نرم کردیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں