شرمیلا فاروقی خواتین کی مخصوص نشست پر رکن سندھ اسمبلی منتخب

اپ ڈیٹ 03 جون 2020
رکن اسمبلی شرمیلا فاروقی—فوٹو: ٹوئٹر
رکن اسمبلی شرمیلا فاروقی—فوٹو: ٹوئٹر

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما شرمیلا فاروقی نے سندھ اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشست پر رکن اسمبلی کا حلف اٹھا لیا۔

مخصوصی نشست پر رکن اسمبلی کی حیثیت سے حلف اٹھانے کے بعد شرمیلا فاروقی نے سندھ اسمبلی کے اجلاس سے خطاب بھی کیا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ میرے لیے اچھا لیکن تلخ لمحہ، کووڈ 19 میں دوستوں اور ساتھیوں کو کھونا، ایک نامعلوم خوف اور آگے کی غیریقینی صورتحال۔

انہوں نے لکھا کہ مجھے خود کے لیے، اپنے 2 سال کے بچے اور تمام لوگوں کے لیے کورونا کا خوف ہے، محفوظ اور اچھے وقتوں کے لیے دعا گو ہوں۔

ویڈیو دیکھیں: مرغی ہے یا مچھلی؟ شرمیلا فاروقی کی کوکنگ سوشل میڈیا پر وائرل

شرمیلا فاروقی نے لکھا کہ ہمیں تمام حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ ہماری اور ہمارے اطراف میں موجود لوگوں کی صحت کے لیے ہے۔

واضح رہے کہ شرمیلا فاروقی، پیپلز پارٹی کی رہنما شہناز بیگم کے قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہونے پر مخصوص نشست خالی ہونے پر رکن بنی ہیں۔

اس سے قبل بھی وہ پاکستان پیپلز پارٹی کی نشست پر رکن اسمبلی منتخب ہوچکی ہیں جبکہ وہ پی پی کے سندھ کے گزشتہ ادوار میں بھی وزیراعلیٰ سندھ کی مشیر بھی رہ چکی ہیں۔

انہوں نے سابق صوبائی کابینہ میں وزیراعلیٰ سندھ کی مشیر اور معاون خصوصی برائے ثقافت کے طور پر بھی فرائض انجام دیے ہیں۔

خیال رہے کہ 15 فروری 2020 کو صوبہ سندھ کے ضلع نوشہرو فیروز میں فائرنگ کے نتیجے میں پیپلزپارٹی کی رکن صوبائی اسمبلی شہناز انصاری جاں بحق ہوگئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: نوشہروفیروز: پی پی پی رکن صوبائی اسمبلی شہناز انصاری فائرنگ سے جاں بحق

رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری اپنے بہنوئی کے چہلم میں آئیں تھیں جہاں یہ فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا۔

واقعے کی تفصیلات سے متعلق یہ بات سامنے آئی تھی کہ رکن سندھ اسمبلی پر فائرنگ کا واقعہ نوشہرہ فیروز کے گاؤں دریا خان مری میں پیش آیا، جہاں وہ اپنے بہنوئی زاہد کھوکھر کے چہلم میں گئیں تھیں کہ ان پر ان کے قریبی رشتے دار نے فائرنگ کردی تھی۔

اس ضمن میں بتایا گیا تھا کہ فائرنگ کا واقعہ مبینہ طور پر زمین کے تنازع پر پیش آیا اور شہناز انصاری کو 5 گولیاں لگیں۔

یاد رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والی شہناز انصاری خواتین کی مخصوص نشست پر رکن سندھ اسمبلی تھیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

علی Jun 04, 2020 03:50am
Very good to see she is leading by example. All these politicians, tv anchors and media personalities must show the care and PPE so that general public use it