سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بھی کورونا وائرس کا شکار

مریم اورنگزیب کے مطابق کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد شاہد خاقان عباسی نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا— فائل فوٹو: سی این این
مریم اورنگزیب کے مطابق کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد شاہد خاقان عباسی نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا— فائل فوٹو: سی این این

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔

اس حوالے سے ترجمان مسلم لیگ(ن) مریم اورنگزیب نے بتایا کہ شاہد خاقان عباسی کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد شاہد خاقان عباسی نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ شاہد خاقان عباسی 3 جون کو شہباز شریف کی درخواست ضمانت پر سماعت کے دوران لاہور ہائیکورٹ بھی آئے تھے جہاں لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی اور سماجی فاصلے کا بالکل بھی خیال نہیں رکھا گیا تھا۔

شہباز شریف، دیگر لیگی رہنما صحتیابی کیلئے دعا گو

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے شاہد خاقان عباسی کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔

اپنے ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی پارٹی کا قیمتی سرمایہ ہیں، اللہ تعالی انہیں صحت کاملہ عطا فرمائے۔

صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی ایک ایماندار، اہل اور قوم کا درد رکھنے والے قابل اور وفا شعار انسان ہیں۔

مزید پڑھیں: وزیر مملکت شہریار آفریدی بھی کورونا وائرس سے متاثر

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی بڑھتی تعداد نے خوفناک شکل اختیار کرلی ہے، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ شاہد خاقان عباسی سمیت تمام متاثرہ افراد کو صحت کاملہ عطا فرمائے۔

پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما مشاہد حسین نے سابق وزیراعظم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی ایک فائٹر ہیں انہوں نے ہمیشہ ہر قسم کے چیلنجز پر قابو پانے میں بہادری اور لچک دکھائی ہے۔

(ن) لیگ کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے شاہد خاقان عباسی کی جلد صحتیابی کے لیے میری دعائیں ان کے ساتھ ہیں

انہوں نے کہا ہمارے ساتھی اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔

طارق فضل چوہدری، مریم اورنگزیب بھی کورونا میں مبتلا

بعد ازاں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ 'میرا کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آگیا ہے، میری طرح دیگر کئی لوگ اس طرح کے مشکل وقت سے گزر رہے ہیں، تاہم مثبت رہیں'۔

پارٹی صدر شہباز شریف نے سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کے کورونا سے متاثر ہونے پر بھی اظہار افسوس کیا اور جلد صحت یابی کی دعا کی۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طارق فضل پارٹی کے انتہائی محنتی، وفادار اور نظریاتی وابستگی رکھنے والے رہنما ہیں۔

ادھر مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب اور ان کی والدہ طاہرہ اورنگزیب بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئیں۔

پارلیمنٹ سیکریٹریٹ سے دونوں اراکین قومی اسمبلی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی گئی۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ اموات کی تعداد 2 ہزار سے زائد ہے، یہ وائرس نہ صرف عام لوگوں کو متاثر کر رہا ہے بلکہ سیاست دان بھی اس میں مبتلا ہورہے ہیں۔

کورونا کا شکار ہونے والے سیاستدان

یاد رہے کہ شاہد خاقان عباسی سے قبل بھی پاکستان میں متعدد سیاستدان اور اہم شخصیات کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکی ہیں جبکہ کچھ کا اس کے باعث انتقال بھی ہوچکا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیر تعلیم سندھ سعید غنی ملک کے پہلے سیاستدان تھے جن میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ آئیسولیشن میں رہنے کے بعد صحتیاب ہو گئے تھے۔

اپریل میں ضلع مردان سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی عبدالسلام آفریدی بھی کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے جبکہ وزیر صحت خیبرپختونخوا نے بتایا تھا کہ ان کے معاون خصوصی کامران خان بنگش میں بھی کووڈ 19 کی تصدیق ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ان کے 2 بچے کورونا وائرس کا شکار

اس کے علاوہ متحدہ مجلس عمل کے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی اور خیبرپختونخوا کے ڈائریکٹر آف پبلک ہیلتھ ڈاکٹر اکرام اللہ خان کو بھی کورونا وائرس ہوا تھا۔

علاوہ ازیں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ان کے دو بچوں کے ساتھ ساتھ گورنر سندھ عمران اسمٰعیل بھی وائرس کا شکار ہو گئے تھے لیکن چند روز قبل یہ دونوں وائرس سے صحتیاب ہو گئے تھے۔

مئی میں قومی اسمبلی کے دو اراکین محبوب شاہ اور گل ظفر خان سمیت ایوان زیریں کے متعدد ملازمین میں بھی وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

اس کے علاوہ رکن قومی اسمبلی اور پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے رہنما علی وزیر میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

21 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل عطااللہ تارڑ بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے۔

خیبرپختونخوا میں مسلم لیگ (ن) کے صدر انجینئر امیر مقام 24 مئی کو کورونا وائرس کا شکار ہو گئے تھے اور انہوں نے خود کو قرنطینہ منتقل کرلیا تھا۔

بعدازاں 25 مئی کو پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما سینیٹر نہال ہاشمی نے کورونا وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق کی تھی۔

مزید پڑھیں: مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطااللہ تارڑ کورونا وائرس کا شکار

30 مئی کو وزیر مملکت برائے سیفران اور انسداد منشیات شہریار آفریدی نے عالمی وبا کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کی تھی۔

3 جون کو خیبر پختونخوا اسمبلی میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے اراکین فیصل زیب خان اور صلاح الدین کے کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی گئی تھی۔

علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا، سندھ کے وزیر انسانی تصفیہ غلام مرتضیٰ بلوچ، خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی جمشید الدین کاکاخیل اور مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی شوکت منظور چیمہ کورونا وائرس کے باعث انتقال کرچکے ہیں۔

2 جون کو صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع کرم سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی و جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما منیر خان اورکزئی حرکت قلب بند ہوجانے سے انتقال کر گئے تھے۔

منیر اورکزئی اپریل کے اواخر میں کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے جس پر انہیں 24 اپریل کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں داخل کروایا گیا تھا جہاں سے صحتیاب ہونے کے بعد 7 مئی کو وہ ہسپتال سے ڈسچارج کردیے گئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں