وزیر ریلوے شیخ رشید بھی کورونا وائرس میں مبتلا

ترجمان ریلوے کےمطابق  ان میں بظاہر کورونا کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں— فائل فوٹو: ڈان نیوز
ترجمان ریلوے کےمطابق ان میں بظاہر کورونا کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں— فائل فوٹو: ڈان نیوز

وزیر ریلوے اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔

ترجمان وزارت ریلوے کے مطابق شیخ رشید میں بظاہر کورونا وائرس کی کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔

انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر نے انہیں 2 ہفتے تک خود ساختہ قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت کی ہے جس کے بعد شیخ رشید آئسولیشن میں چلے گئے ہیں۔

بعد ازاں شیخ رشید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق بھی کی۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور گورنر سندھ عمران اسمٰعیل نے شیخ رشید کو فون کیا اور کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے پر تشویش کا اظہار کیا۔

اس دوران انہوں نے شیخ رشید کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

شیخ رشید نے بتایا کہ وہ خیریت سے ہیں اور ان کی جانب سے نیک تمناؤں اور دعاؤں پر شکریہ ادا کیا۔

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے بھی وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید کو ٹیلی فون کیا اور ان کی صحتیابی کی دعا کی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر شیخ رشید نے خیریت دریافت کرنے پر چیئرمین سینٹ کا شکریہ ادا کیا۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا ٹیسٹ بھی مثبت

وزیر ریلوے کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی رپورٹ سے کچھ گھنٹے قبل ہی سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کی رپورٹ سامنے آئی تھی جس کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا تھا۔

پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی بھی کورونا کا شکار

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی جے پرکاش لوہانا بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں جے پرکاش کا کہنا تھا کہ 'میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'میں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے او میری تمام اُن دوستوں سے گزارش ہے جن سے میری حالیہ دنوں میں ملاقات رہی ہو وہ بھی اپنا ٹیسٹ کروائیں'۔

جے پرکاش نے ٹیسٹ کے رزلٹ بھی دیے اور کہا کہ 'آپ سب سے دعاؤں کی گزارش ہے'۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ اموات کی تعداد 2 ہزار سے زائد ہے، یہ وائرس نہ صرف عام لوگوں کو متاثر کررہا ہے بلکہ سیاست دان بھی اس میں مبتلا ہورہے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں متعدد سیاستدان اور اہم شخصیات کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکی ہیں جبکہ کچھ کا اس کے باعث انتقال بھی ہوچکے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیر تعلیم سندھ سعید غنی ملک کے پہلے سیاستدان تھے جن میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ آئیسولیشن میں رہنے کے بعد صحتیاب ہو گئے تھے۔

اپریل میں ضلع مردان سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی عبدالسلام آفریدی بھی کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے جبکہ وزیر صحت خیبرپختونخوا نے بتایا تھا کہ ان کے معاون خصوصی کامران خان بنگش میں بھی کووڈ 19 کی تصدیق ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ان کے 2 بچے کورونا وائرس کا شکار

اس کے علاوہ متحدہ مجلس عمل کے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی اور خیبرپختونخوا کے ڈائریکٹر آف پبلک ہیلتھ ڈاکٹر اکرام اللہ خان کو بھی کورونا وائرس ہوا تھا۔

علاوہ ازیں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ان کے دو بچوں کے ساتھ ساتھ گورنر سندھ عمران اسمٰعیل بھی وائرس کا شکار ہو گئے تھے لیکن چند روز قبل یہ دونوں وائرس سے صحتیاب ہو گئے تھے۔

مئی میں قومی اسمبلی کے دو اراکین محبوب شاہ اور گل ظفر خان سمیت ایوان زیریں کے متعدد ملازمین میں بھی وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

اس کے علاوہ رکن قومی اسمبلی اور پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے رہنما علی وزیر میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

21 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل عطااللہ تارڑ بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے۔

خیبرپختونخوا میں مسلم لیگ (ن) کے صدر انجینئر امیر مقام 24 مئی کو کورونا وائرس کا شکار ہو گئے تھے اور انہوں نے خود کو قرنطینہ منتقل کرلیا تھا۔

بعدازاں 25 مئی کو پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما سینیٹر نہال ہاشمی نے کورونا وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق کی تھی۔

مزید پڑھیں: مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطااللہ تارڑ کورونا وائرس کا شکار

30 مئی کو وزیر مملکت برائے سیفران اور انسداد منشیات شہریار آفریدی نے عالمی وبا کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کی تھی۔

3 جون کو خیبر پختونخوا اسمبلی میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے اراکین فیصل زیب خان اور صلاح الدین کے کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی گئی تھی۔

علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا، سندھ کے وزیر انسانی تصفیہ غلام مرتضیٰ بلوچ، خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی جمشید الدین کاکاخیل اور مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی شوکت منظور چیمہ کورونا وائرس کے باعث انتقال کرچکے ہیں۔

2 جون کو صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع کرم سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی و جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما منیر خان اورکزئی حرکت قلب بند ہوجانے سے انتقال کر گئے تھے۔

منیر اورکزئی اپریل کے اواخر میں کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے جس پر انہیں 24 اپریل کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں داخل کروایا گیا تھا جہاں سے صحتیاب ہونے کے بعد 7 مئی کو وہ ہسپتال سے ڈسچارج کردیے گئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں