وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مالی سال 21-2020 کے لیے 12 کھرب روپے سے زائد کا مالی بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے کووڈ 19 سے نمٹنے کے لیے اپنے وسائل کو قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ اور معیشت کو سہارا دینے کے لیے خرچ کیے۔

سندھ اسمبلی میں خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ کووڈ 19 بنیادی طور پر موجودہ نظام صحت کے لیے ایک خطرہ ہے اور وبا نے دنیا کو ساکت وجامد کر دیا اور شہروں کو حقیقتاً ویرانوں میں بدل دیا ہے۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ اس خطرے سے نمٹنے کے لیے لاک ڈاؤن کو دنیا بھر میں واحد قابل عمل حکمت عملی کے طور پر اختیارکیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے کووڈ19 کے خطرات سے نمٹنے کے لیے عالمی طور پر اختیار کی گئی حکمت عملی کی پیروی کی ہے اور سندھ وہ پہلا صوبہ تھا جہاں لاک ڈاؤن پر عملدرآمد اور اطلاق کے لیے اقدامات عمل میں لائے گئے۔

تبصرے (0) بند ہیں