پاکستان کی بھارت میں کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی مذمت

اپ ڈیٹ 25 جون 2020
ترجمان دفتر خارجہ 
کے مطابق  پچھلے 5 ماہ میں 110 کشمیریوں کو شہید کیا گیا— فوٹو: ڈان نیوز
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پچھلے 5 ماہ میں 110 کشمیریوں کو شہید کیا گیا— فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان نے بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیری نوجوانوں کی شہادت کی مذمت کی ہے اور اسے عالمی انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا کہ گزشتہ 326 روز سے مقبوضہ کشمیر میں غیر انسانی لاک ڈاؤن جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے 5 ماہ میں 110 کشمیریوں کو شہید کیا گیا جبکہ حالیہ دنوں میں بھارتی قابض فوج نے جعلی مقابلوں اور سرچ آپریشن کے نام پر مزید 14 کشمیریوں کو شہید کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل کی مذمت کرتا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان نے دراندازی کے بے بنیاد بھارتی الزامات کو مسترد کر دیا

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے قتل میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت براہِ راست ملوث ہے اور یہ ماورائے عدالت قتل عالمی و انسانی حقوق کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

علاوہ ازیں ترجمان نے کہا کہ بھارت لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مسلسل شہری آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 6 ماہ میں بھارت نے ایل او سی پر 10 ہزار 440 مرتبہ سیز فائر کی خلاف ورزی کی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم بھارت کی جانب سے پاکستانی ہائی کمیشن کے اہلکاروں پر ویانا کنونشن کی خلاف ورزی کے الزامات کو مسترد کرتے ہیں، بھارت میں پاکستانی سفارتکار عالمی کنونشن اور قوانین کے مطابق کام کر رہے ہیں۔

عائشہ فاروقی نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے کشمیر رابطہ گروپ اجلاس میں شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے بھارت کے جعلی آپریشن کے امکانات واضح ہیں، وزیراعظم

ان کا مزید کہنا تھا کہ او آئی سی نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کی جبکہ اعلامیے میں کہا تھا کہ مسئلہ کشمیر مسلم امہ کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ او آئی سی نے بھارت سے فوری طور پر مقبوضہ کشمیر میں یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

بیرون ملک سے اوورسیز پاکستانیوں کی وطن واپسی سے متعلق عائشہ فاروقی نے کہا کہ گزشتہ چند روز میں سعودی عرب سے 3 ہزار 976، متحدہ عرب امارات سے 2 ہزار 231 اور عراق سے 263 پاکستانیوں کو واپس لایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اب تک دنیا بھر کے 73 ممالک سے 97 ہزار 393 پاکستانی وطن واپس آ چکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں