بھارت داخلی انتشار سے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان میں دہشت گردی کرا رہا ہے، وزیر خارجہ

اپ ڈیٹ 01 جولائ 2020

ای میل

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں مسلسل مداخلت کر رہا ہے— فائل فوٹو: ڈان نیوز
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں مسلسل مداخلت کر رہا ہے— فائل فوٹو: ڈان نیوز

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت داخلی انتشار سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان میں دہشت گردی کرا رہا ہے اور صوبہ بلوچستان میں مسلسل مداخلت کر رہا ہے۔

وزیر خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے امریکی نمائندہ خصوصی کو بھارتی عزائم سے متعلق آگاہ کیا ہے کہ بھارت مسلسل کوشش کرتا چلا آ رہا ہے کہ پاکستان میں عدم استحکام ہو۔

مزید پڑھیں: کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی عمارت پر حملہ، تمام 4 دہشت گرد ہلاک

وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت، پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں مسلسل مداخلت کر رہا ہے اور افغانستان میں قیام امن کی کوششوں کو بھی متاثر کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسٹاک ایکسچینج پر حملے میں ملوث دہشت گرد لوگوں کو یرغمال بنانا چاہتے تھے لیکن پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے اس کوشش کو ناکام بنادیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت اندرونی انتشار سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان میں دہشت گردی کرا رہا ہے اور دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے دہشت گردی کے واقعات چاہتا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر عالمی توجہ بڑھنے پر بھارت نے پلوامہ کا ڈراما رچایا-

یہ بھی پڑھیں: 'دہشت گرد گرینیڈ کی پن نکالنے والا تھا کہ اس کے سر پر گولی مار دی'

واضح رہے کہ پیر کو کراچی میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کی بڑی کارروائی کو ناکام بناتے ہوئے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کی عمارت پر حملے کی کوشش کرنے والے چاروں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔

گزشتہ روز قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے بھی کہا تھا کہ ہمیں اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے میں بھارت ملوث ہے۔

وزیر خارجہ نے بعدازاں افغانستان کے لیے پاکستان کے نمائندہ خصوصی سے اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے باتیں کرتے ہوئے افغان امن عمل اور علاقائی امن و استحکام کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت اپنی داخلی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے علاقائی امن کو نقصان پہنچا سکتا ہے اور ہم عالمی برادری کو خطے میں امن و سلامتی کے بارے میں تسلسل کےساتھ آگاہ کررہے ہیں۔

مزید پڑھیں: اسٹاک ایکسچینج حملہ: وزیراعلیٰ سندھ کا شہید سب انسپکٹر کیلئے ایک کروڑ روپے کا اعلان

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں پائیدار امن و استحکام خطے کی ترقی کے لیے ناگزیرہے اور پاکستان نے مشترکہ ذمہ داری کے طور پر انتہائی خلوص کے ساتھ افغان امن عمل میں مفاہمتی کردار ادا کیا ہے جسے پوری دنیا نے سراہا ہے۔

وزیر خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان افغانستان سمیت خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔